افغان حکومت سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات روکے، شہباز شریف

ویب ڈیسک  پير 12 دسمبر 2022
شہریوں کی شہادت اور زخمی ہونے کے واقعات افسوسناک اور قابل مذمت ہیں، وزیراعظم (فوٹو فائل)

شہریوں کی شہادت اور زخمی ہونے کے واقعات افسوسناک اور قابل مذمت ہیں، وزیراعظم (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات روکے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: افغان فورسزکی چمن میں بلا اشتعال فائرنگ؛ 6 پاکستانی شہری شہید اور 17 زخمی

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم نے گزشتہ روز چمن بارڈر پر افغان بارڈر فورسز کی جانب سے بلا اشتعال گولہ باری اور فائرنگ سے کئی پاکستانیوں کی شہادت اور ایک درجن سے زائد شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغان عبوری حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ ایسے واقعات دوبارہ رہنما نہ ہوں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پاکستان کی افغان سرحد پر ہونے والی فائرنگ کی شدید مذمت

واضح رہے کہ گزشتہ روز افغان بارڈر فورسز کی جانب سے بلا اشتعال اور اندھا دھند فائرنگ سے بلوچستان کے شہر چمن میں5 شہری شہید ہوگئے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغان بارڈر فورسز نے شہری آبادی پر توپ خانےاور مارٹر سمیت بھاری ہتھیاروں سے بلااشتعال اور اندھا دھند فائرنگ کی۔

واقعے میں افغان بارڈر فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے 17 افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ پاکستانی سرحدی دستوں نے جارحیت کا بھرپور جواب دیا لیکن علاقے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے سے گریز کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔