بغاوت پر اکسانے کا الزام؛ شہباز گل پر فرد جرم ایک بار پھر مؤخر

ویب ڈیسک  پير 12 دسمبر 2022
شہباز گل قانونی طریقہ کار میں خلل ڈالنا چاہتےہیں، اسپیشل پراسیکیوٹر کے دلائل (فوٹو فائل)

شہباز گل قانونی طریقہ کار میں خلل ڈالنا چاہتےہیں، اسپیشل پراسیکیوٹر کے دلائل (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما شہباز گل پر بغاوت پر اکسانے کے الزام میں فرد جرم ایک بار پھر مؤخر ہو گئی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں شہباز گل کی جانب سے اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں پبلک پراسیکیوٹر راجا رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔ ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے شہباز گل کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرلی، جس سے شہباز گل پر فرد جرم ایک بار پھر مؤخر ہو گئی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: بغاوت پر اکسانے کا الزام، شہباز گل پر فرد جرم کیلیے تاریخ مقرر

پراسیکیوٹر راجا رضوان عباسی نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شہبازگِل کی حاضری سے استثنا کی مخالفت کرتاہوں۔ شہبازگِل نے اپنے متنازع بیان کا اقرار کیا، اقرار کرنے کے بعد معافی مانگی۔ درخواستِ استثنا پڑھ کر سناتے ہوئے پراسیکیوٹر نے کہا کہ شہباز گِل نے درخواست میں کہا بیمار ہوں، سفر نہیں کرسکتا، دھند بھی موجود ہے۔ شہبازگِل نے سرکاری بورڈ سے میڈیکل رپورٹ بنوائی، عدالت نے آرڈر نہیں کیا۔

دلائل دیتے ہوئے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ شہبازگِل پمز اسپتال آتے میڈیکل رپورٹ بنواتےتو مانا جاسکتا تھا۔ شہبازگِل ذاتی مفاد حاصل کرناچاہتےہیں، قانونی طریقہ کار میں خلل ڈالنا چاہتےہیں۔

بعد ازاں شہباز گل کے وکیل شہریار اور علی بخاری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، جہاں انہوں نے اسپیشل پراسیکیوٹر پر اعتراضات اٹھائے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس قسم کے مقدمات میں اسپیشل پراسیکیوٹر تعینات نہیں کر سکتے۔ اس موقع پر اسپیشل پراسیکیوٹر کی تعیناتی سے متعلق مختلف عدالتی فیصلوں کا حوالہ بھی دیا گیا۔

بعد ازاں عدالت نے شہباز گل کی آج حاضری سے استثنا کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔مختصر وقفے کے بعد عدالت نے شہباز گل پر فرد جرم ایک بار پھر 22 دسمبر تک موخر  کرتے ہوئے شہباز گل آج حاضری سے استثنا کی درخواست منظور  کرلی، تاہم شہباز گل کے وکیل کی اسپیشل پراسیکیوٹر کی تعیناتی سے متعلق درخواست مسترد  کردی گئی۔ عدالت نے قرار دیا کہ آئندہ سماعت پر رضوان عباسی ہی عدالت پیش ہوں گے ۔

عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔