کراچی میں فائرنگ سے 3 سگے بھائیوں کے قتل کا معمہ حل
فائرنگ کا واقعہ منشیات کے پیسوں کی لین دین کا تنازعہ نکلا، مقتولین کا ایک بھائی منشیات فروش تھا، پولیس
ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے گبول ٹاؤن نیو کراچی ندی میں فائرنگ سے 3 سگے بھائیوں کے قتل کا معمہ حل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے واردات میں شامل 2 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔ ایس ایس پی سینٹرل رانا معرف عثمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت غلام مصطفیٰ عرف قاری ولد شہباز عرف نیازی اور غلام نبی عرف پسوڑی ولد جیلانی خان کے نام سے کی گئی ہے جبکہ تہرے قتل کی واردات کا معاملہ منشیات فروشوں کے جھگڑے کا شاخسانہ نکلا ہے۔
انہوں ںے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ مبینہ طور پر مقتولین کا ایک بھائی منشیات فروش تھا اور فائرنگ کا واقعہ منشیات کے پیسوں کی لین دین کا تنازع تھا۔
گرفتار ملزمان بھی سہراب گوٹھ مچھر کالونی کے رہائشی اور اسی علاقے میں منشیات فروخت کرتے تھے جبکہ مقتولین بھی اسی علاقے کے رہائشی تھے۔
رانا معروف عثمان نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جس کا فارنزک کرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جس وقت فائرنگ کا واقعہ پیش آیا گرفتار ملزمان وہاں پر فائرنگ کرنے والوں کے ہمراہ موجود تھے اور انہوں نے واقعہ سے متعلق جو انکشافات کیے ہیں اس کی روشنی میں فائرنگ کرنے والے مرکزی ملزمان کا بھی تعین ہوگیا ہے اور پولیس ان کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔