امریکا کی یوکرین کو جدید میزائل شکن سسٹم فراہم کرنے کی تیاری مکمل

ویب ڈیسک  بدھ 14 دسمبر 2022
امریکی پیٹریاٹ ڈیفنس سسٹم کی تریت یوکرین کو جرمنی میں فراہم کی جائے گی، فوٹو: فائل

امریکی پیٹریاٹ ڈیفنس سسٹم کی تریت یوکرین کو جرمنی میں فراہم کی جائے گی، فوٹو: فائل

 واشنگٹن: امریکا نے روسی حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے یوکرین کو جدید ترین پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کرنے کی تیاری مکمل کرلی ہے جس کا اعلان کل متوقع ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس اور یوکرین جنگ میں ایک اہم موڑ آگیا ہے۔ پہلی بار کسی ملک نے یوکرین کو روس کا مقابلہ کرنے کے لیے جدید ترین فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی تیاریاں مکمل کرلیں۔

یوکرین افواج کو پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم کے استعمال کے لیے تکنیکی تربیت جرمنی میں مہیا کی جائے گی۔

نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر امریکی عہدے داروں نے عالمی میڈیا کے نمائندے کو بتایا کہ یوکرین کو پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کرنے کے بارے میں کل تک کسی فیصلے کا اعلان متوقع ہے۔

اس حوالے سے امریکا اور یوکرین کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان گزشتہ چند روز سے واشنگٹن میں مذاکرات جاری ہیں جس میں فضائی دفاعی نظام کی فراہمی کو حتمی شکل دیدی گئی۔

روس کے سابق صدر دمتری میدودیف سمیت کئی سیاست دان خبردار کر چکے ہیں کہ کسی ملک نے یوکرین کو پیٹریاٹ میزائل ڈیفنس سسٹم فراہم کیا تو روس اسے اپنے خلاف جارحیت تصور کرے گا۔

واضح رہے کہ یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کئی بار مغربی ممالک سے میزائل شکن سسٹم فراہم کرنے کا مطالبہ کرچکے ہیں تاکہ روس کے طیاروں اور میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کرسکیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔