ٹام کروز نے مداحوں کا شکریہ ادا کرنے کیلیے طیارے سے چھلانگ لگادی

ویب ڈیسک  پير 19 دسمبر 2022
(فوٹو: فائل(

(فوٹو: فائل(

نیویارک: امریکی اداکار ٹام کروز نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فلم کی شوٹنگ کے دوران طیارے سے چھلانگ لگادی۔

مشن امپاسبل سیریز کی فلموں نے ٹام کروز کے اسٹنٹس کو پوری دنیا میں مشہور کردیا ہے، اس سیریز کی 7 ویں فلم 2023 میں ریلیز ہوگی جس کی شوٹنگ ابھی جاری ہے۔

شوٹنگ کے دوران ٹام کروز کی جانب سے مداحوں کے لیے ایک ‘خصوصی پیغام’ ٹوئٹر پر ویڈیو کی شکل میں جاری کیا گیا جس میں وہ ایک پرواز کرتے ہوئے طیارے پر کھڑے ہیں۔

اس ویڈیو میں ٹام کروز نے کہا کہ ‘ہم جنوبی افریقا میں مشن امپاسبل ڈیڈ ریکنگ پارٹ 1 اور 2 کی عکسبندی کررہے ہیں’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘میں سال کا اختتام آپ کا شکریہ ادا کیے بغیر نہیں کرنا چاہتا اور ٹاپ گن میورک کو سپورٹ کرنے پر آپ کا شکرگزار ہوں’۔

اس کے بعد ٹام کروز نے طیارے سے چھلانگ لگاتے ہوئے ایک بار پھر مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

ٹام کروز کے شکریہ ادا کرنے کے انداز نے مداحوں کو حیران کردیا ہے۔

مشن امپاسبل 7 کو ڈیڈ ریکنگ پارٹ 1 کا نام دیا گیا ہے جو 14 جولائی 2023 کو ریلیز ہوگی جبکہ اس کا دوسرا حصہ 28 جون 2024 کو ریلیز کیا جائے گا۔

ٹام کروز کے ساتھ ان کی ٹیم میں شامل ربیکا فرگوسن، سائمن پیگ اور وائنگ رحمس کی بھی واپسی ہوگی جبکہ چند نئے کرداروں کو بھی متعارف کرایا جائے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔