اداکار تھا مگر پیسوں کیلئے ہوسٹنگ شروع کی اور اُسی سے مشہور ہوا، فہد مصطفیٰ

ویب ڈیسک  منگل 20 دسمبر 2022
(فائل فوٹو)

(فائل فوٹو)

دبئی: پاکستان کے معروف ادا کار اور میزبان فہد مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ وہ اداکار تھے مگر اتنے مشہور نہیں ہوئے تھے جب پیسوں کی ضرورت پڑی تو ہوسٹنگ شروع کی مگر اُسی سے مشہور ہوا۔

حال ہی میں فہد مصطفیٰ نیٹ فلکس اُردو پر بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کے پروگرام ’دی مرزا ملک شو‘ میں شریک ہوئے جہاں اُنہوں نے اپنے کیرئیر سے متعلق کئی باتیں بتائیں۔

ایک سوال کے جواب میں فہد مصفطیٰ نے اداکاری سے میزبانی کی طرف آنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’شوبز انڈسٹری کی بات کریں تو پاکستان میں آرٹسٹ کیلئے بہت مشکلات ہیں، لوگ چانس لینے سے ڈرتے ہیں ایک وقت تھا کہ لوگ اداکاروں کو میزبانی کرنے سے روکتے تھے‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’ایک تصور تھا کہ اگر آپ ہوسٹنگ میں قدم رکھیں گے، تو آپ کا بطورِ اداکار کیرئیر ختم ہو جائے گا‘۔


فہد مصطفی کا کہنا تھا کہ ’میں نے ہوسٹنگ کا رخ کیا کیونکہ میں پیسہ کمانا چاہتا تھا، میں کافی عرصے سے اداکاری کر رہا تھا اور میرے پاس پیسے نہیں تھے، ہوسٹنگ نے میرے لیے چیزیں بدل دیں،  ہوسٹنگ کے دوران میری انرجی کبھی کم نہیں ہوتی کیونکہ  کیونکہ پیسہ کبھی کم نہیں ہوتا‘۔

فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ ’مجھے ایسا لگتا ہے کہ شو کی میزبانی کرنے سے ہی مجھے پہچان ملی ہے اور میں نقشے پر اُبھراہوں میں اپنی میزبانی کے لیے جانا جاتا ہوں نہ کہ اپنی ہٹ فلموں کے لیے، جبکہ ہوسٹنگ کے بعد ہی زیادہ تر میری فلمیں ہٹ ہوئی ہیں‘۔

یاد رہے کہ فہد مصطفیٰ مقبول اور کامیاب پاکستانی فلم اور ٹیلی ویژن اداکار، پروڈیوسر اور میزبان ہیں۔ انہوں نے کئی بلاک بسٹر فلموں اور ڈراموں میں پرفارم کیا ہے، ان کے مشہور ٹیلی ویژن ڈراموں میں ’میں عبدالقادر ہوں‘، آشتی، کنکر، دوسری بیوی، میرا سائیں اور میں چاند سی شامل ہیں جبکہ انہوں نے ’نامعلوم افراد‘ سے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔