ٹام کروز پر سینما کی تاریخ کا سب سے خطرناک اسٹنٹ فلمبند

ویب ڈیسک  جمعرات 22 دسمبر 2022
ٹام کروز نے مشن امپاسیبل سیون کےلیے دنیا کا سب سے بڑا اور مہنگا ترین اسٹنٹ ریکارڈ کرایا ہے۔ فوٹو: بشکریہ ورائٹی

ٹام کروز نے مشن امپاسیبل سیون کےلیے دنیا کا سب سے بڑا اور مہنگا ترین اسٹنٹ ریکارڈ کرایا ہے۔ فوٹو: بشکریہ ورائٹی

ہالی ووڈ: ٹام کروز نے مشن امپاسیبل کی ساتویں فلم کے لیے ایک ایسا کرتب فلمایا ہے جسے سینما کی تاریخ کا مشکل ترین، ممکنہ طور پر جان لیوا اور مہنگا اسٹنٹ قرار دیا جارہا ہے۔

مشن امپاسیبل ڈیڈ ریکوننگ پارٹ ون کے لیے ٹام کروز کا یہ منظر ناروے میں فلمایا گیا ہے۔ اس میں خاص طور پر ڈیزائن کردہ پھسلی نما ٹریک پر ٹام کو تیزی سے موٹر سائیکل دوڑانی ہوتی ہے اور اس کے بعد نیچے سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں دونوں گرتے ہیں اور ایک مقام پر پہنچ کر ٹام کروز اپنا پیراشوٹ (کینوپی) کھولتا ہے۔

لیکن اس ایک منظر کے لیے پہلے برطانیہ میں ایک سال تک مشق کی ہے تاکہ ٹام کروز یہ منظر احسن طور پر انجام دے سکیں۔ ناروے میں ایک خاص پہاڑی پر انجینیئروں نے اوپر اور نیچے اٹھتا ہوا ریمپ بنایا جس میں غیرمعمولی اخراجات آئے ہیں۔

مسلسل ایک سال تک ٹام کروز کو ایک ایسے ہی ریمپ پر تربیت دی گئی اور اس نے ہزاروں مرتبہ موٹرسائیکل پر کرتب دکھائے۔ چونکہ اسی کرتب کا دوسرا حصہ بھی ہے جس میں انہوں طویل کھائی کی جانب نیچے گرنا تھا اور ایک مقام پر پیراشوٹ کھولنا تھا۔ اس کےلیے ٹام کروز نے کل 500 مرتبہ ہوائی جہاز سے پیرا شوٹ پہن کر چھلانگ لگائی اور اس پر غیرمعمولی مہارت حاصل کی ہے۔

لیکن ٹام کروز نے اصل فلم  کے لیے بھی ایک دن میں چھ مرتبہ یہ خطرناک اسٹنٹ کیا اور خود ہدایتکار کو بھی حیران کر دیا۔ فلمی تجزیہ نگاروں نے اس کرتب کو حیران کن، مشکل ترین اور مہنگا ترین اسٹنٹ قرار دیا ہے۔ مشن امپاسیبل سیون 14 جولائی 2023 کو ریلیز ہوگی۔

واضح رہے کہ ٹام کروز کی اس وقت عمر 58 سال ہے اور وہ اب بھی اپنے خوفناک اسٹنٹس خود ہی کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔