آرمی چیف کی بنوں آپریشن کے زخمیوں کی عیادت

ویب ڈیسک  بدھ 21 دسمبر 2022
فوٹو آئی ایس پی آر

فوٹو آئی ایس پی آر

 راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر بنوں میں دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران زخمی ہونے والے افسران و اہلکاروں کی عیادت کیلئے سی ایم ایچ راولپنڈی پہنچ گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خیبرپختونخوا کی وادی بنوں میں واقعے سی ٹی ڈی کمپلکس میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں زخمی ہونے والے افسران و اہلکاروں کی عیادت کیلئے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا ہے اور کچھ وقت زخمی جوانوں کے ساتھ گزارا۔

پاک فوج کے سپہ سالار نے ملاقات کے دوران زخمی اہلکاروں و افسران کے بلند جذبے و حوصلے اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران ان کی پیشہ ورانہ مہارت کو خوب سراہا۔

مزید پڑھیں : بنوں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ آپریشن میں 25 دہشت گرد ہلاک اور 10 گرفتار ہوئے، آئی ایس پی آر

خیال رہے کہ گزشتہ روز آئی ایس پی آر نے جاری بیان میں کہا تھا کہ ہتھیار نہ پھینکنے پر 20 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے طوفانی ایکشن کیا تھا جس کے نتیجے میں 25 دہشت گرد ہلاک جبکہ مجموعی طور پر 10 گرفتار ہوئے تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن میں بہادری و جانبازی سے لڑتے ہوئے مادر وطن کے تین سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا تھا، جن میں صوبیدار میجر خورشید اکرم، سپاہی سعید، سپاہی بابر شامل ہیں جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 افسران سمیت 10 سپاہی زخمی ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔