کراچی سی ویو دو دریا کے قریب نوجوان لڑکی سمندر میں ڈوب کر لاپتہ ہوگئی
لڑکی کی شناخت ساحل کے قریب رکھے ہوئے اس کے بیگ سے ملنے والے شناختی کارڈ سے ہوئی،پولیس
سی ویو دو دریا کے قریب نوجوان لڑکی سمندر میں ڈوب کر لاپتہ ہوگئی لڑکی کی شناخت ساحل کے قریب رکھے ہوئے اس کے بیگ سے ملنے والے شناختی کارڈ کی مدد سے کی گئی ۔
اس حوالے سے ایس ایچ او ساحل اعظم راجپر نے بتایا کہ ملنے والے شناختی کارڈ کی مدد سے لڑکی کی شناخت 23 سلہ سائرہ ملک دختر ابرار احمد کے نام سے کی گئی جو کہ محمود آباد اعظم بستی کی رہائشی ہے، لڑکی کا والد پولیس میں ملازمت کرتا ہے تاہم لڑکی کی لاش کا تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا، اس حوالے سے ایدھی کے غوطہ خور بھی اسے تلاش کرنے کی کوششوں میں مصروف رہے تاہم وہ مل نہ سکی۔
انھوں نے بتایا کہ شناختی کارڈ کی مدد سے پولیس نے لڑکی کے اہلخانہ سے رابطہ کرلیا ہے جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق سائرہ ملک ڈیفنس نشاط کمرشل پر قائم جانوروں کے اسپتال میں ملازمت کرتی تھی، تاہم اہلخانہ بھی اس حوالے سے کچھ بتانے سے قاصر ہیں کہ وہ سی ویو پر کیوں آئی اور کس طرح سے سمندر میں ڈوب کر لاپتہ ہوگئی۔
ایک سوال کے جواب میں اعظم راجپر نے بتایا کہ فوری طور پر اس بات کا تعین نہیں ہو سکا کہ واقعہ اتفاقیہ ہے یا خودکشی کچھ نہیں کہا جا سکتا تاہم پولیس جائے وقوعہ پر موجود افراد سے بھی معلومات حاصل کر رہی ہے۔