فیملی سرکل ٹینس سرینا کے بعد وینس ولیمز کی بھی چھٹی

سارا ایرانی، بیلنڈا بینکک، سمانتھا اسٹوسر،لوسی سفارووااورڈینیلا ہنچووا بھی کامیاب


Sports Desk/AFP April 05, 2014
چارلیسٹن ،امریکا: فیملی سرکل کپ میں شکست کے بعد وینس ولیمز افسردہ دکھائی دے رہی ہیں فوٹو: رائٹرز

فیملی سرکل کپ ٹینس سے سرینا کے بعد وینس ولیمز کی بھی چھٹی ہو گئی، ایوگینی بوچارڈ سابق ورلڈ نمبر ون کو شکست دے کر کوارٹر فائنلز میں پہنچ گئیں، وہ اب جیلینا جینکووچ کا سامنا کریں گی۔

سارا ایرانی ، بیلنڈا بینکک ، سمانتھا اسٹوسر ، اینڈریا پیٹکووک، لوسی سفارووا ، جانا سیپیلووا اور ڈینیلا ہنچووا بھی لاسٹ 8 میں پہنچ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق فیملی سرکل کپ ٹینس میں ٹاپ سیڈ اور ورلڈ نمبر ون سرینا ولیمز کا پہلے راؤنڈ میں قصہ تمام ہو گیا تھا، اب ان کی بہن وینس بھی تیسرے راؤنڈ میں باہر ہوگئیں، کینیڈین نوجوان کھلاڑی ایوگینی بوچارڈ انھیں7-6 (8/6) ، 2-6 اور 6-4 سے شکست دیکر کوارٹر فائنلز میں پہنچ گئیں۔ آسٹریلین اوپن سیمی فائنلسٹ اور گرین کلے کورٹ ڈبلیو ٹی اے پریمیئر لیول ایونٹ میں چھٹی سیڈڈ بوچارڈ کا اب سیکنڈ سیڈ سربیئن پلیئر جینکووچ سے مقابلہ ہوگا۔2004 میں چارلیسٹن ٹائٹل جیتنے والی وینس ولیمز20 سالہ بوچارڈ کیخلاف پہلا سیٹ گنوا بیٹھیں، انھوں نے کوشش کرکے دوسرا سیٹ جیتنے کے بعد تیسرے میں بھی2-1 کی برتری پائی لیکن ان کی غلطیوں کے سبب بوچارڈ دوبارہ حاوی ہوگئیں، جواں سال پلیئر نے تیسرا سیٹ جیت کر انھیں ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔ اسی طرح جینکووچ نے زوردار شاٹس کھیلنے والی کروشیئن اجلا ٹوملجینووک کو 7-5 اور 6-1 سے زیر کرکے کوارٹر فائنل میں بوچارڈ کے مقابل کھیلنے کا موقع پالیا۔

اٹلی کی تھرڈ سیڈڈ کھلاڑی سارا ایرانی نے چین کی پینگ شوئی پر بمشکل 7-6 (8/6) اور 7-6 (7/5) سے قابو پایا، ان کا اب لاسٹ 8 میچ میں سوئس کوالیفائر بیلنڈا بینکک سے مقابلہ ہو گا، جنھوں نے یوکرینین ایلینا سویٹولینا پر6-7 (4/7) ، 6-4 اور 6-1 سے فتح حاصل کی۔ فورتھ سیڈڈ سبائن لیسکی بھی تیسرے راوٗنڈ میں ہارنے والی پلیئرز میں شامل ہیں، انھیں ساتھی جرمن کھلاڑی اینڈریا پیٹکووک نے 6-1 اور 6-0 سے آؤٹ کلاس کیا۔ پیٹکووک کو اب 9 ویں سیڈ جمہوریہ چیک کی لوسی سفارووا کا چیلنج درپیش ہے جنھوں نے ساتویں سیڈڈ آسٹریلوی کھلاڑی سمانتھا اسٹوسر کو 3-6 ، 6-4 اور 6-4 سے ہرا کر اپ سیٹ کردیا تھا۔ سرینا کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنیوالی جانا سیپیلووا نے ایک اور اپ سیٹ کرتے ہوئے روسی13 ویں سیڈڈ ایلینا ویسنینا کو7-6 (7/4) ، 3-6 اور 6-3 سے پچھاڑ دیا۔ سیپیلووا اب کوارٹر فائنل میں ساتھی سلواکیئن ہنچووا کے مقابل ہیں، جنھوں نے برازیل کی ٹیلیانا پریرا کو 6-2 اور 6-3 سے شکست سے دوچار کیا۔