2 ماہ میں پیٹرولیم لیوی سے 220 ارب وصول، حکومت نے نیا ہدف بھی مقرر کرلیا

گزشتہ مالی سال کے دوران پیٹرولیم لیوی سے حاصل ہونے والی آمدن ابتدائی بجٹ تخمینے سے زیادہ رہی تھی


ویب ڈیسک November 10, 2026
(فوٹو: اے آئی جنریٹڈ)

اسلام آباد:

حکومت نے مالی سال 2026-27 کے ابتدائی 2 ماہ کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 220 ارب روپے جمع کرلیے ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے لیے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کی مد میں  مجموعی طور پر 1.676 ٹریلین روپے حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پیٹرولیم لیوی سے حاصل ہونے والی آمدن ابتدائی بجٹ تخمینے سے زیادہ رہی تھی۔

حکومت نے اس مد میں 1.468 ٹریلین روپے جمع کرنے کا تخمینہ لگایا تھا، تاہم مالی سال کے اختتام پر وصولیوں کا حجم بڑھ کر 1.567 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا، جو مقررہ ہدف سے تقریباً 100 ارب روپے زیادہ تھا۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں ہونے والی وصولیاں حکومت کی جانب سے مقرر کردہ سالانہ ہدف کے حصول کی جانب پیش رفت ظاہر کرتی ہیں۔  

واضح رہے کہ پیٹرولیم لیوی کے ذریعے قومی خزانے میں خطیر رقم جمع کی جا رہی ہے، جس کے خلاف سیاسی جماعتوں کی جانب سے ملک گیر احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔