شریف خاندان کی رمضان شوگر ملز فوری چلانے کی اجازت کی استدعا مسترد

لاہور ہائیکورٹ نے ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔


ویب ڈیسک January 09, 2023
لاہور ہائیکورٹ نے ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے شریف خاندان کی رمضان شوگر ملز کو فوری چلانے کی اجازت دینے کی استدعا مسترد کردی۔

ہائی کورٹ میں شریف خاندان کی ملکیتی رمضان شوگر ملز کو عدالتی حکم کے باوجود لائسنس جاری نہ کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے رمضان شوگر ملز چلانے کیلئے فوری حکم جاری کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

جسٹس شاہد کریم نے درخواست گزار سے کہا کہ پہلے محکمہ ایکسائز کا موقف سن لیں پھر حکم جاری کرینگے، آپ نے توہین عدالت کی درخواست دائر کیوں نہیں کی۔

سرکاری وکیل نے جواب داخل کرانے کیلئے مہلت کی استدعا کی تو جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ دیگر ممالک میں جان بوجھ کر تاخیر کرنے پر نقصان کا معاوضہ دیا جاتاہے۔

درخواست گزار نے کہا کہ رمضان شوگر ملز نے لائسنس کے حصول کے لیے تمام شرائط پوری کیِں مگر سیاسی بنیادوں پر اسے لائسنس جاری نہیں کیا جا رہا، رمضان شوگر ملز ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ ہے اور تمام قوانین کو پورا کررہی ہے، عدالت درخواست گزار کمپنی کو لائسنس کی فراہمی کا حکم دے۔

پنجاب حکومت نے رمضان شوگر ملز کو این او سی جاری کرنے کا فیصلہ چیلنج کردیا

علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے رمضان شوگر ملز کو این او سی جاری کرنے سے متعلق سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کردی۔

صوبائی حکومت نے درخواست میں سنگل بینچ کے فیصلے پر عمل درآمد روکنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ رمضان شوگر ملز کے ڈائریکٹر سلیمان شہباز اشتہاری رہ چکے ہیں ، ان کے خلاف معاملہ نیب میں زیر التوا ہے، سنگل بینچ کا رمضان شوگر ملز کو این او سی جاری کرنے کا فیصلہ حقائق کے برعکس ہے، عدالت سنگل بینچ کا فیصلہ کلعدم قرار دے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں