قومی اسمبلی میں نگراں سیٹ اپ کے لیے واپس جاسکتے ہیں، عمران خان

ویب ڈیسک  پير 16 جنوری 2023
تحریک انصاف کی کراچی میں ہارنے کی اہم وجہ تنظیم کی کمزوری ہے، چیئرمین پی ٹی آئی

تحریک انصاف کی کراچی میں ہارنے کی اہم وجہ تنظیم کی کمزوری ہے، چیئرمین پی ٹی آئی

 لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی میں واپس جانے کا عندیہ دے دیا۔

عمران خان نے زمان پارک لاہور میں سینئر صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعظم سے اعتماد کا ووٹ لینے کے بارے میں کہا کہ جلد شہباز شریف کی نیندیں حرام کرنے والے ہیں ، قومی اسمبلی کے حوالے سے پلان کرلیا ہے، ن لیگ کے ایم این اے رابطے میں ہیں،پہلے ان کا ٹیسٹ کریں گے اور پھر شامل کریں گے۔

عمران خان نے بتایا کہ یہ بری طرح پھنس گئے ہیں ، رات اسحق ڈار نے پٹرول کی قیمت بڑھانی تھی لیکن نہیں بڑھائی، اس کا مطلب ہے کہ اب آئی ایم ایف نہیں آئے گی، انہیں دو ارب ڈار کا قرضہ تو ملا جبکہ دو ارب ڈالر ترسیلات زر میں بھی کمی آگئی۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں نگراں سیٹ اپ کے لیے واپس جاسکتے ہیں ،باجوہ ڈاکٹرائن میں کوئی زیادہ کمی نہیں آئی ، باجوہ لیک کیس میں گرفتار صحافی شاہد اسلم کے حوالے سے احتجاج کرنے جارہے ہیں۔

عمران خان نے زور دیا کہ ق لیگ کا مستقبل تحریک انصاف کے ساتھ ہے، ق لیگ بلے کے نشان پر لڑے گی تو ان کی جیت ہوگی ،میں بھی چاہتا ہوں کہ اتحاد والا کام ختم ہو۔

کراچی بلدیاتی الیکشن میں شکست پر انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی کراچی میں ہارنے کی اہم وجہ تنظیم کی کمزوری اور پیپلز پارٹی کی دھاندلی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔