نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے نام شارٹ لسٹ کر لیے، ملک احمد خان

ویب ڈیسک  منگل 17 جنوری 2023
فائل:فوٹو

فائل:فوٹو

 لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے نام شارٹ لسٹ کر لیے ہیں تاہم اتحادیوں سے مشاورت کے بغیر نام بتانا مناسب نہیں۔

اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے نمائندے ملک احمد خان کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے رسمی گفتگو میں ملک احمد خان نے بتایا کہ نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے وزیر اعظم سے مشاورت مکمل کرلی ہے اور وزیر اعظم آج شارٹ لسٹ کیے گئے نام آصف علی زرداری کے سامنے رکھیں گے۔

اپوزیشن لیڈر کے نمائندے کا کہنا تھا کہ آصف زرداری سے مشاورت کے بعد آج شام تک تین نام گورنر پنجاب کو بھجوا دیں گے۔

مزید پڑھیں؛ نگراں وزیراعلیٰ کا تقرر؛ پرویز الہیٰ، حمزہ شہباز کے پاس مشاورت کیلیے آج آخری روز

اپنی ٹویٹ میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے تقرر کے لیے مسلم لیگ ن نے مشاورت کے بعد سابق صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون صاحب کے نام پر بھی اتفاق کیا لیکن انھوں نے اس پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وکلاء سیاست کی ذمے داریوں اور تقاضوں کی بنا پر معذرت کی ہے۔

واضح رہے کہ نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان مشاورت کا آئینی وقت آج رات 10 بجکر 10 منٹ پر ختم ہو جائے گا۔

پنجاب اسمبلی کی تحلیل کو تین روز گزرنے کے باوجود تاحال نگراں وزیراعلی کے نام پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا ہے جس کے باعث معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جانے کے امکانات پیدا ہوگئے۔ اتفاق رائے نہ ہوا تو معاملہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے پاس چلا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔