پی ٹی آئی کے مزید 35 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور

ویب ڈیسک  جمعـء 20 جنوری 2023
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے تحریک انصاف کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کرلیے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: تحریک انصاف کے مزید 34 اور شیخ رشید کے قومی اسمبلی سے استعفے منظور

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کرکے الیکشن کمیشن کو بھجوا دیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن اس پر آج ہی کارروائی کرے گا۔

اسپیکر کی جانب سے جن 35 پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے گئے ہیں، ان میں ڈاکٹر حیدر علی خان، سلیم خان، صاحبزادہ صبغت اللہ ، عامر کیانی، امجد خان نیازی، سید فخر امام، مخدوم خسرو بختیار، عندلیب عباس، ملیکہ بخاری، محبوب شاہ، بشیر خان، جنید اکبر، شیر اکبر خان، علی خان جدون، عثمان ترکئی، مجاہد علی، ارباب عامر ایوب اور  شیر علی ارباب شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسپیکر ہمارے 125 استعفے ایک ساتھ منظور کر کے ڈی نوٹیفائی کرے، شاہ محمود

اسپیکر نے 31 جنرل اور 4 مخصوص نشستوں کے استعفے قبول کیے ہیں۔ 131 ارکان میں سے یکے بعد دیگرے منظور ہونے والے مجموعی استعفوں کی تعداد 81 ہو چکی ہے، جس کے بعد اپوزیشن جماعت کے ارکان 50 رہ گئے ہیں جب کہ ایوان میں پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے علاوہ تقریباً 30 ارکان ہی باقی بچے ہیں۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا آج ہونے والا اجلاس پی ٹی آئی کے استعفوں کے باعث ہی ملتوی کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی میں جو بڑے لیڈر بنتے ہیں اُن کے استعفے منظور ہوئے، رانا ثنا اللہ

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے مزید 35اراکین کے استعفوں پر کارروائی شروع کر دی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی اراکین کو آج ہی ڈی نوٹیفائی کردیا جائے گا۔ قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی نے 17 جنوری کو بھی پی ٹی آئی کے  34 ارکان اور شیخ رشید احمد کا استعفا منظور کرلیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کے روز اسپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے مزید ارکان کے استعفوں کی منظوری کا بھی قوی امکان ہے۔ اس سلسلے میں مشاورت مکمل کی جا چکی ہے اور  اب فہرستیں تیاری کے مرحلے میں ہیں۔پی ٹی آئی کے تقریباً 35 مزید ارکان کے استعفے منظور ہوئے تو منحرفین کے سوا تحریک انصاف کے ارکان انتہائی قلیل تعداد میں رہ جائیں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پی ٹی آئی اور حکومت میں پارلیمانی جنگ تیز، مزید استعفے منظوری کا فیصلہ

ارکان کے استعفوں کی منظوری پی ٹی آئی کے لیے بڑا جھٹکا ثابت ہوئی ہے کیوں کہ ارکان کی قلیل تعداد کے سبب تحریک انصاف وفاقی نگراں سیٹ میں مشاورت کا بھی حصہ نہیں بن سکے گی۔  اُدھر پی ٹی آئی کے 2 ارکان محمد میاں سومرو اور شکور شاد کا معاملہ بھی عدالت میں زیر التوا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلسل کاوشوں کے باوجود تحریک انصاف کی جانب سے مذاکرات سے انکار کیا گیا، جس کے بعد پی ٹی آئی کو ایوان سے اُس کے ارکان کے استعفوں کی منظوری کے ذریعے بے دخل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے جن اراکین نے مطمئن کیا اُن کے استعفے منظور کرلیے، اسپیکر قومی اسمبلی

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا ہاؤس میں تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کا اجلاس جاری تھا، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے سلسلے میں حکمت عملی بنائی جا رہی تھی۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر سے ملاقات میں پی ٹی آئی وفد نے ایوان کے تین اہم عہدوں کے نام تجویز کرنے تھے، جن میں اپوزیشن لیڈر، پارلیمانی لیڈر اور چیئرمین پی اے سی کے عہدے شامل ہیں، تاہم اسی اثنا میں اسپیکر نے تحریک انصاف کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کرلیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔