نجم سیٹھی نے پی سی بی مینجمنٹ اسٹاف میں مزید تبدیلیوں کا عندیہ دے دیا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 24 جنوری 2023
کرنل اعظم سے کنسلٹنٹ کے طور پر واپس آنے کی درخواست کردی، سربراہ مینجمنٹ کمیٹی۔ فوٹو : اے ایف پی

کرنل اعظم سے کنسلٹنٹ کے طور پر واپس آنے کی درخواست کردی، سربراہ مینجمنٹ کمیٹی۔ فوٹو : اے ایف پی

لاہور: نجم سیٹھی نے پی سی بی مینجمنٹ اسٹاف میں مزید تبدیلیوں کا عندیہ دے دیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ معاملات بہتر انداز میں چلانے کیلیے میں اپنی ٹیم بنا رہا ہوں، آج بھی چند تبدیلیاں ہوئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کرنل اعظم سے کنسلٹنٹ کے طور پر واپس آنے کی درخواست کردی، پی سی بی سے فارغ کیے جانے کے بعد وہ آئی سی سی میں خدمات انجام دے رہے ہیں،انھوں نے مشکل صورتحال میں بھی بہترین کام کیا تھا، اسی لیے ان کا آئی سی سی نے تقرر کیا، میری رخصتی کے بعد فارغ کیے جانے والے چند باصلاحیت عہدیداروں کو ہم واپس لائے ہیں،زیادہ تنخواہوں والوں کو کٹوتی کیلیے کہا تھا چند نے فیصلہ قبول بھی کرلیا اس لیے کام کریں گے۔

سابق ڈائریکٹر میڈیا امجد بھٹی کو دوبارہ لانے کے سوال پر انھوں نے صحافی سے پوچھا آپ کیا چاہتے ہیں؟ میرے خیال میں ان کے میڈیا کے ساتھ بہت اچھے تعلقات رہے ہیں،دوبارہ پوچھے جانے پر نجم سیٹھی نے کہا کہ وہ آرہے ہیں، اس دوران ڈائس پر موجودہ ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی مسکراتے رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔