اسپینش فٹبال فیڈریشن کی ڈسپلنری کمیٹی نے استوائی گنی کے گول کیپر جیسس اوونو پر مخالف کھلاڑی کی موت کا سبب بننے والے تصادم کے بعد 12 میچز کی پابندی عائد کردی ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ 2 نومبر کو اسپین کے سیکنڈ ڈویژن میں ایف سی اندورا اور ٹینیرائف کے درمیان میچ کے دوران پیش آیا تھا جب گول کیپر اوونو اور ٹینیرائف کے فارورڈ جیسس ڈی میگوئل آپس میں ٹکرا گئے تھے۔
ڈی میگوئل کو تشویشناک حالت میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ منتقل کیا گیا تاہم وہ اگلے روز انتقال کرگئے۔
فیڈریشن کی کمیٹی کے مطابق اوونو نے کھیل کے دوران مخالف کھلاڑی کے خلاف جارحانہ انداز اختیار کیا جس کے نتیجے میں سنگین چوٹ آئی۔
حکام نے واقعے کی شدت اور ریفری کی رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ضابطہ اخلاق کے تحت زیادہ سے زیادہ 12 میچز کی پابندی اور جرمانے کی سزا سنائی۔
25 سالہ اوونو واقعے کے بعد شدید ذہنی صدمے سے دوچار ہیں اور انہوں نے زمبابوے کے خلاف افریقی کپ آف نیشنز کوالیفائرز کے لیے قومی ٹیم سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔
ایف سی اندورا کے کوچ کارلوس مانسو کے مطابق گول کیپر نے ابھی تک دوبارہ کھیلنے کے حوالے سے فیصلہ نہیں کیا جبکہ کلب نے انہیں اس مشکل وقت میں مکمل مہلت اور تعاون دینے کا اعلان کیا ہے۔