شان مسعود کی شادی کے جشن میں سرفراز احمد نے آواز کا جادو جگا کر میلہ لوٹ لیا

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 26 جنوری 2023
(فوٹو: اسکرین شاٹ)

(فوٹو: اسکرین شاٹ)

کراچی: شان مسعود کی شادی کے جشن میں سابق ٹیسٹ کپتان وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے اپنی آواز کا جادو جگا کر میلہ لوٹ لیا۔

سوشل میڈیا پر سرفرازاحمد کی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں جس میں انہیں شان مسعود کی شادی کے جشن کے موقع پر مائیک تھامے اپنی آواز کا جادو جگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

سرفراز احمد دو روز قبل ہی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عمرہ ادائیگی کے بعد واپس وطن لوٹے تھے، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں قوالی نائٹ کے اسٹیج پر سرفراز احمد نے گانا ‘مبارک ہو تم کو یہ شادی تمہاری’ گا کر خوب داد سمیٹی۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ انہوں نے کراچی ٹیسٹ کے دوران شان مسعود سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ان کی شادی پر یہ گانا سنائیں گے،خوش گو سرفراز احمد  نے دیگر گلوکاروں کے ہمراہ ‘گلابی آنکھیں جو تیری دیکھیں بھی گایا، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سرفراز احمد کی گلوکاری کو خوب سراہا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ معروف بینکر منصور مسعود خان کے صاحبزادے شان مسعود کا پشاور سے تعلق رکھنے والی اپنی پرانی دوست نیشے سے نکاح ہوا تھا، پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے شان مسعود ہفتہ کی شب دلہنیا گھر لائے تھے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بیٹر شان مسعود کی دعوت ولیمہ کی تقریب جمعہ کو کراچی میں ہوگی۔ نجی تقریب میں رشتے دار اور عزیز واقارب شریک ہوں گےجبکہ چند ہی معروف شخصیات اور دوست کرکٹرز کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔