ملائیشیا پاکستانی ہنر مندوں کی خدمات حاصل کرے نواز شریف

پاکستان اورملائیشیا کے درمیان توانائی سمیت مختلف شعبوں میں مفید تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، ملائیشین وفد سے گفتگو


Numainda Express April 08, 2014
اسلام آباد:وزیراعظم نوازشریف سے ملائیشیا کی ’’ایم سی کارپوریشن‘‘ کے چیئرمین سید مختار البخاری ملاقات کررہے ہیں ۔ فوٹو : آن لائن

وزیراعظم نوازشریف نے کہاہے کہ پاکستان اورملائیشیا کے درمیان توانائی، سیاحت، ٹیلی مواصلات، پیشہ ورانہ تربیت، ہوابازی، مالیاتی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں باہمی طورپر مفید تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

ملائیشیا کی ''ایم سی کارپوریشن'' کے چیئرمین سری سید مختار البخاری اور ان کے وفد سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ ملائیشیاکی کمپنیاں پاکستان میں انفرااسٹرکچر کی ترقی کے منصوبوں میں شریک ہیں اور ہم انھیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے سڑکوں کی تعمیر، ہاؤسنگ اور مواصلاتی شعبے کے منصوبوں میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔ اس کے ساتھ پاکستان ملک میں ملائیشین بینکوں کی شاخوں کا خیر مقدم کریگا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ملائیشیا اپنی مقامی صنعت کے لیے اپنے ہاں زیر تعلیم پاکستانی طالبعلموں کی خدمات حاصل کرکے اور پاکستان سے ہنرمند اور نیم ہنرمند کارکنوں کے ذریعے اپنی افرادی قوت کی ضروریات بھی پورا کرسکتا ہے۔

کارپوریشن کے چیئرمین نے ملاقات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان میں جہاز رانی، توانائی، انجنیئرنگ اور انفرااسٹرکچر کے شعبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کااظہار کیا ہے۔قبل ازیں وزیراعظم سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمدآصف سندھیلہ نے بھی وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی اوران سے پیشہ ورانہ امورپرتبادلہ خیال کیا۔دریں اثنا نواز شریف باؤفورم برائے ایشیا میں شرکت کے موقع پر ''شاہراہ ریشم کی بحالی'' کے موضوع پر سیمینار سے کلیدی خطاب کریں گے جس میں چین، ایران اور قازقستان کے رہنما بھی موجود ہوں گے۔ وزیراعظم نواز شریف چینی حکومت کی دعوت پر9 سے11 اپریل تک چین کے صوبہ ہینان میں ہونے والے باؤفورم برائے ایشیا میں شرکت کے لیے چین کا دورہ کر رہے ہیں۔

مقبول خبریں