پی آئی اے کی برمنگھم کے لیے براہ راست پروازیں یکم دسمبر سے شروع ہوجائیں گی

ہفتہ وار تین پروازیں روانہ ہوں گی، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 23 تک بڑھائی جائے گی،ترجمان


اسٹاف رپورٹر November 04, 2026

اسلام آباد:

پی آئی اے نے برمنگھم کے لیے براہ راست پروازیں یکم دسمبر سے شروع کرنے کی تاریخ جاری کردی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے نے برمنگھم کو بھی براہِ راست فضائی نیٹ ورک میں شامل کرلیا، یکم دسمبر سے اسلام آباد اور برمنگھم کے درمیان ہفتہ وار تین براہِ راست پروازوں کا آغاز کردیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق برمنگھم کے لیے ابتدائی طور پر منگل، جمعرات اور ہفتہ کو پروازیں آپریٹ ہوں گی، برمنگھم کی پروازوں سے برطانیہ کے شمالی اور وسطی علاقوں میں مقیم پاکستانیوں کی کثیر تعداد کو براہِ راست فضائی سفر کی سہولت میسر آئے گی۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے لیے برطانیہ انتہائی اہم فضائی روٹ ہے اور کوشش ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ہفتہ وار پروازوں کی مجموعی تعداد 23 تک بڑھائی جائے۔