کراچی؛ جناح اسپتال میں ریبیز سے متاثرہ 12 سالہ بچہ دم توڑ گیا، رواں تعداد 41 ہوگئی

رواں سال سندھ بھر میں ریبیز سے اموات کی تعداد 41 ہوگئی، مذکورہ بچے کو ریبیز ویکسین کی دو خوراکیں لگائی گئی تھیں


فاران خان November 04, 2026
فوٹو: فائل

کراچی کے جناح اسپتال میں ریبیز سے متاثرہ 12 سالہ بچہ دم توڑ گیا اور رواں سال سندھ بھر میں ریبیز سے اموات کی تعداد 41 ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جناح اسپتال میں جاں بحق بچے کا تعلق بلوچستان کے ضلع جھل مگسی سے تھا، بچے کو تقریباً ایک ماہ قبل کتے نے چہرے اور بائیں آنکھ کے قریب کاٹا تھا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ بچے کو کتے کے کاٹنے کے بعد ریبیز ویکسین کی دو خوراکیں لگائی گئی تھیں، متاثرہ بچے کو ریبیز امیونوگلوبیولن (RIG) نہیں دیا گیا تھا جبکہ بچے کو تیز بخار، پانی سے خوف اور شدید بے چینی کی حالت میں جناح اسپتال لایا گیا۔

جناح اسپتال میں بچے میں ریبیز انسیفلائٹس کی طبی تشخیص کی گئی اور ریبیز سے متاثرہ 12 سالہ بچہ دوران علاج دم توڑ گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جناح اسپتال میں رواں سال ریبیز سے 11 اموات ہوئی، اس کے علاوہ انڈس اسپتال کراچی میں 29 اور انڈس اسپتال بدین میں ریبیز سے متاثرہ ایک شخص جاں بحق ہوا۔