تمام ادارے اپنے اور اپنے افراد کا دفاع کرتے ہیں وزیردفاع خواجہ آصف

جب بھی اقتدار پرشب خون ماراجاتا ہے تو ہمارے اپنے ساتھی ہی ان کا ساتھ دیتے ہوئے ہمیں نیچا دکھاتے ہیں، خواجہ آصف


ویب ڈیسک April 08, 2014
11 مئی کے انتخابات میں عوام نے جمہوریت کے حق میں فیصلہ دیا،خواجہ آصف۔ فوٹو: فائل

ANKARA: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تمام ادارے اپنے اور اپنے افراد کا دفاع کرتے ہیںلیکن جب بھی اقتدار پرشب خون ماراجاتا ہے تو ہمارے اپنے ساتھی ہی ان کا ساتھ دیتے ہوئے ہمیں نیچا دکھاتے ہیں۔ ماضی کی طرح ایسا تاثرنہ پھیلایا جائے کہ پارلیمنٹ محترم نہیں۔

قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن اسد عمر کی جانب سے پیش کی گئی تحریک پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ 11 مئی کے انتخابات میں عوام نے جمہوریت کے حق میں فیصلہ دیا، عوام اب جمہوریت کی مضبوطی دیکھنا چاہتے ہیں، پارلیمنٹ جمہوریت کا سب سے مستحکم اور مقتدر ادارہ ہے۔ تمام ادارے اپنے اور اپنے افراد کا دفاع کرتے ہیں لیکن جب بھی اقتدار پرشب خون ماراجاتا ہے تو ہمارے اپنے ساتھی ہی ان کا ساتھ دیتے ہوئے ہمیں نیچا دکھاتے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہناتھا کہ حکومت اور اپوزیشن کی لفظی جنگ کے بھی کچھ قواعد ہونے چاہئیں، پارلیمنٹ کے اراکین کے لئے کالی بھیڑوں جیسے الفاظ کا استعمال غیرمناسب ہے، ماضی کی طرح ایسا تاثرنہ پھیلایا جائےکہ پارلیمنٹ محترم نہیں، ارکان کو تقاریر کے ذریعے پارلیمنٹ کےبارے میں ایسے الفاظ استعمال نہیں کرنے چاہئیں، اگر ہم خود ہی ایسا کریں گے تو دوسروں سے پارلیمنٹ کاتقدس پامال نہ کرنے کی توقع کیسے کی جاسکتی ہے۔

مقبول خبریں