انتقامی کارروائیوں میں حکومت کے پیچھے کچھ اور لوگ ہیں، عمران خان

ویب ڈیسک  ہفتہ 4 فروری 2023
عمران خان اور پرویز الٰہی کی ملاقات میں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات پر بھی گفتگو ہوئی (فوٹو فائل)

عمران خان اور پرویز الٰہی کی ملاقات میں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات پر بھی گفتگو ہوئی (فوٹو فائل)

 لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے پیچھے کچھ اور لوگ ہیں۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور ق لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کو امن و امان کی نہیں بلکہ مخالفین کو کچلنے کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے پیچھے کچھ اور لوگ ہیں۔

پرویز الٰہی کے ساتھ پنجاب اور پختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت کی ناک تلے دوبارہ دہشت گردی ملک میں سر اُٹھا رہی ہے، حکومت الیکشن سے بھاگ نہیں سکتی۔ حکومت کو انتخابات کی تاریخ دینی ہی پڑے گی ورنہ یہ آئین شکنی کی مرتکب ہوگی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف حکومت کی  جانب سے شرکت کی دعوت پر آل پارٹیز کانفرنس کا حصہ بننے پر غور کررہی ہے جب کہ اس سلسلے میں پارٹی رہنما فواد چوہدری نے اعظم خان سواتی اور شیخ رشید احمد کے نام دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے نمائندے کے طور پر اے پی سی میں شرکت کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔