چوہدری پرویزالہیٰ کے گھر کا دوبارہ محاصرہ

ویب ڈیسک  پير 6 فروری 2023
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

گجرات: پولیس نے گجرات میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کے گھر کا دوبارہ محاصرہ کرلیا۔ 

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری پرویز الہیٰ کی رہائشگاہ کنجاہ ہاؤس کے باہر جمع ہے۔ نفری میں پولیس، ایلیٹ فورس کے 10 سے زائد تھانوں کے اہلکار شامل ہیں۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی رہائشگاہ پر گیٹ کیپر اور ملازم موجود ہیں جبکہ چوہدری پرویز الہیٰ کی فیملی کا کوئی فرد گھر میں موجود نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ لاہور اور مونس الہیٰ بیرون ملک مقیم ہیں۔ خیال رہے کہ 5 روز قبل بھی پرویزالہیٰ اور مونس الہیٰ کی رہائشگاہ کا محاصرہ کیا گیا تھا۔

پرویز الہیٰ نے کہا کہ آئی جی سندھ و انتظامیہ کو خبردار کرتے ہیں واقعات صوبوں میں نفرت کا باعث بنیں گے، وزیراعلیٰ سندھ لاقانیت کا نوٹس لیں، یقین  ہے وزیراعلیٰ صوبوں میں بے چینی پھیلانے والے اقدامات کا راستہ روکیں گے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سندھ سے پنجاب کے رہنماؤں کو لاپتا کرکے کیا ییغام دیا جارہا ہے۔

مونس الہیٰ کی ٹوئٹ

مونس الہیٰ نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پرویز الہیٰ کے گھر کے باہر پولیس کی بھاری نفری کی آمد کی ویڈیو شیئر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے وارنٹ کے بغیر گھر پر چھاپہ مار رہی ہے۔

مونس الہیٰ نے مزید کہا کہ ہماری رہائشگاہوں پر چھاپے مارنے سے وہ سمجھتے ہیں کہ ہم عمران خان کے ساتھ  چھوڑ دیں گے، دوبارہ سوچو!

 

سیکریٹری پنجاب اسمبلی کی رہائشگاہ پر بھی چھاپہ 

علاوہ پولیس نے سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کی سرکاری رہائشگاہ پر بھی چھاپہ مارا اور پولیس دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوگئی۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے ملازمین پر تشدد، خواتین اور بچوں کو بھی ہراساں کیا۔

پولیس نے محمد خان بھٹی کے ملازم نیبل کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ پولیس گھر سے ایک سی سی ٹی وی فوٹیج کی ڈیوائس بھی لے گئی۔ اس ضمن میں چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ خدشہ ہے کہ محمد خان بھٹی کو لاپتا نہ کردیا جائے، ہمارے لیگل ایڈوائزر عامر سعید راں ابھی تک لاپتا ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔