’’وسیم اکرم جلدی غصے میں آجاتے ہیں‘‘ انضمام کا دلچسپ تبصرہ

ویب ڈیسک  جمعرات 16 فروری 2023
مزاحیہ جواب پر شاہد آفریدی، مصباح الحق سمیت پینل میں شامل تمام لوگ ہنس پڑے (فوٹو: ایکسپریس ویب)

مزاحیہ جواب پر شاہد آفریدی، مصباح الحق سمیت پینل میں شامل تمام لوگ ہنس پڑے (فوٹو: ایکسپریس ویب)

  کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن میں سنسنی خیز میچز جاری ہیں، ایسے میں سابق کپتان انضمام الحق نے سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کے حوالے سے دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔

مقامی ٹی وی چینل پر سابق کپتان شاہد آفریدی نے انضمام الحق سے سوال کیا کہ پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان میچ کے آخری لمحات میں وسیم اکرم کافی تناؤ میں نظر آرہے تھے جس پر انضمام نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ وہ بہت جلدی غصے میں آجاتے ہیں اور وہ جس طرح کے الفاظ استعمال کرتے ہیں وہ شاہد آفریدی اور مصباح جانتے ہیں۔

سابق کپتان کے مزاحیہ جواب پر شاہد آفریدی، مصباح الحق سمیت پینل میں شامل تمام لوگ ہنس پڑے۔

مزید پڑھیں: پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 2 رنز سے شکست دے دی

انضمام الحق نے مزید کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی خوقبصورتی ہے کہ سنسنی خیز میچز ہورہے ہیں، ایسی کرکٹ سے دباؤ کے حالات کا سامنا کرنے کا طریقہ معلوم ہوتا ہے۔ سلیکٹرز پی ایس ایل پر گہری نظر رکھتے ہیں کیونکہ پریشر میں پرفارم کرنا آسان نہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو ایک جبکہ دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 2 رنز سے شکست دی تھی۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل8: رواں سیزن میں مقابلے سنسنی خیز ہونے کی توقع ہے، وسیم اکرم

کنگز اور زلمی کے میچ میں اہم بات یہ تھی کہ عماد وسیم اور محمد عامر دونوں پاکستانی اسکواڈ میں واپسی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں جبکہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم پشاور کی نمائندگی کررہے ہیں جو گزشتہ سیزن میں کنگز کی قیادت کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔