31 سال بعد بھی احمد رشدی کی جادوئی آواز کا توڑ نہ مل سکا

" اکیلے ناں جانا ہمیں چھوڑ کر تم اورکوکو کورینہ‘‘ جیسے گانوں نے ان کی شہرت کو چار چاند لگا دیئے


ویب ڈیسک April 11, 2014
احمد رشدی کو ہر اداکار کے مطابق گائیگی پرعبور حاصل تھا، ڈیزائر اویس خان

لاہور:

معروف گلوکار احمد رشدی کو دنیا سے کوچ کیے 31 برس بیت گئے لیکن ان کے گائے گئے گانے آج تک اپنا جادو جگائے ہوئے ہیں۔


70 اور 80 کی دہائی میں بننے والی فلموں میں اپنی مسحورکن آواز کا خوب جادو جگانے والے احمد رشدی دنیا میں تو نہیں رہے لیکن ان کے گائے گئے گانے آج تک ان کی یاد دلاتے ہیں، رومانس ہویا پھر محبت کا روگ ، ہر رنگ میں سجی ان کی آواز شائقین کو خوب بھاتی تھی، " اکیلے ناں جانا ہمیں چھوڑ کر تم اورکوکو کورینہ'' جیسے گانوں نے ان کی شہرت کو چار چاند لگا دیئے۔


احمد رشدی کو ہر اداکار کے مطابق گائیگی پرعبور حاصل تھا اسی وجہ سے انہیں بھارتی گلوکار کشور کمار کا ہم پلہ بھی کہا جاتا تھا، احمد رشدی نے فلم سپیرن ،مہتاب اور آنچل پر 3 سال تک مسلسل نگار ایوارڈ حاصل کیا اور انہیں مصورملینئیم ایوارڈ ز کے علاوہ ستارہ امتیاز سے بھی نوازاگیا۔