کارتک آیان کی ہارر کامیڈی فلم ’بھول بھولیاں 3‘ کب ریلیز ہوگی

بھول بھولیاں 2 کے بعد اب اس فرنچائز کی تیسری فلم کا اعلان کر دیا گیا ہے


ویب ڈیسک March 02, 2023
(فائل فوٹو)

بالی ووڈ کی مشہور ہارر کامیڈی فلم 'بھول بھولیاں 3' کی ریلیز کا اعلان کر دیا گیا۔

اکشے کمار کی مشہور ہارر کامیڈی فلم بھول بھولیاں کی سیکوئل بھول بھولیاں 2 کے بعد اب اس فرنچائز کی تیسری فلم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

بھول بھولیاں 2 سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے اداکار کارتک آریان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فلم کے تیسرے حصے کا پہلا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے اس کی ریلیز کا اعلان کیا ہے۔

ہارر کامیڈی سے بھرپور فلم سال 2024 میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی جبکہ اس کی شوٹنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔


پروڈیوسرز کرشن کمار اور بھوشن کمار کی جانب سے پیش کی جانے والی اس فلم کی ہدایتکاری ایک مرتبہ پھر انیس بزمی کریں گے۔ کارتک آریان فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گے تاہم ابھی فلم کی ہیروئن اور دیگر کاسٹ کے حوالے سے معلومات فراہم نہیں کی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس ریلیز ہونے والی بھول بھولیاں 2 بھارت سمیت دنیا بھر کے باکس آفس پر بلاک بسٹر فلم ثابت ہوئی تھی جس کے بعد شائقین کو فلم کے تیسرے حصے کا بےصبری سے انتظار تھا۔

مقبول خبریں