چیئرمین سے ملاقات کیلئے بورڈ نے باضابطہ دعوت دی تو ضرور جاؤں گا راشد لطیف

قومی کرکٹ کی بہتری کی خاطر خاموش ہوں، مجھے خاموش ہی رہنے دیا جائے، سابق کپتان قومی ٹیم


Sports Reporter April 13, 2014
پاکستان سپر لیگ ایسا سوال ہے جس پر مجھے چکر آرہے ہیں، سابق وکٹ کیپر۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR: پی سی بی کی جانب سے چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالنے سے انکار کر دینے والے سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف نے کہا ہے کہ مجھے چیئرمین بورڈ نے پیر کو ملاقات کے لیے با ضابطہ طور پر مدعو نہیں کیا، اگر مجھے ضابطہ کے مطابق ملاقات کی دعوت ملی تو ضرور جائوں گا۔

معین خان کرکٹ اکیڈمی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں فی الوقت کسی تنازع میںنھیں پڑنا چاہتا، ماضی میں کئی مرتبہ پی سی بی سے تنازعات ہو چکے ، قومی کرکٹ کی بہتری کی خاطر خاموش ہوں، مجھے خاموش ہی رہنے دیا جائے، انھوں نے کہا کہ میں بہت سے سوالوں کا جواب دینے سے بھی گریز کروں گا، کیوںکہ میں ابھی بستر سے اٹھا ہوں اور دوبارہ بستر پر نھیں پڑنا چاہوں گا۔

ایک سوال کے جواب میں راشد لطیف نے کہا کہ میں بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کی بہت عزت کرتا ہوں ، مجھے بولنے پر مجبور نہ کیا جائے، پاکستان سپر لیگ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ یہ ایسا سوال ہے کہ جس سے مجھے چکر آرہے ہیں اور خطرہ ہے کہ کہیں گر نہ جائوں، راشد لطیف کے حوالے سے سوال پر معین نے کہا کہ وہ پاکستان ہی نھیں بلکہ دنیائے کرکٹ کے بہترین کھلاڑی رہے ہیں اور ساری دنیا ان کی صلاحیتوں کی متعرف ہے، وہ قومی کرکٹ کے لیے مفید ثابت ہو سکتے ہیں، اگر انھوں نے بورڈ کے ساتھ کام کیا تو یہ پاکستان کرکٹ کیلیے اچھا ہوگا۔