خیبرپختونخوا میں الیکشن کی تاریخ کل سامنے آنے کا امکان

ویب ڈیسک  منگل 7 مارچ 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 اسلام آباد: خیبرپختونخوا اسمبلی انتخابات کی تاریخ کے تعین کے لیے الیکشن کمیشن اور گورنر کے درمیان مشاورت کل ہوگی، جس میں الیکشن کی تاریخ آنے کا قوی امکان ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کی تاریخ پر مشاورت کے لیے گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے سات یا آٹھ مارچ کو مشاورت کے لیے بلایا تھا الیکشن کمیشن کی جانب سے گورنر جوابی خط میں مشاورت کے اپنی دستیابی سے آگاہ کیا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن کے خط کے جواب میں گورنر نے اپنی دستیابی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ حاجی غلام علی نے بتایا کہ بدھ 8 مارچ کے روز الیکشن کمیشن کے ساتھ الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے مشاورت ہونے جارہی ہے اور مشاورت کے بعد الیکشن کی تاریخ دی جائے گی۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے حکم پر خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کے معاملے پر گورنر کو دورے کی دعوت دے دی۔ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں عام اتنخابات کی تاریخ کے معاملے پر گورنر سے رابطہ کیا اور انہیں اسلام آباد کے دفتر آنے کی دعوت بھی دی تھی۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ ’آپ کی  الیکشن کمیشن آمد ہمارے لئے باعث عزت ہوگی، آپ یہاں آ جائیں تو بامعنی مشاورت ممکن ہو جائے گی‘۔

دوسری جانب سیکرٹری الیکشن کمیشن نے گورنر خیبرپختونخوا کو خط لکھ دیا جس میں ملاقات کیلیے تشکیل دی جانے والی کمیٹی سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔ خط میں بتایا گیا ہے کہ کمیٹی میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، سپیشل سیکرٹری، ڈی جی قانون شامل ہیں۔

خط میں گورنر سے التماس کی گئی ہے کہ ’اگر ممکن ہے تو آپ الیکشن کمیشن تشریف لائیں، یہ ہمارے لیے قابل عزت ہوگا اور آپ کی آمد کی صورت میں چیف الیکشن کمشنر بامعنی مشاورت بھی کریں گے‘۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔