شوخ پیلا آئی فون 14 اب پری آرڈر کے لیے بھی دستیاب

ویب ڈیسک  اتوار 12 مارچ 2023
ایپل نے 14 مارچ کو آئی فون 14 کا پیلا ماڈل پیش کرنے کا اعلان کیا ہے جس کی بکنگ جاری ہے۔ فوٹو: فائل

ایپل نے 14 مارچ کو آئی فون 14 کا پیلا ماڈل پیش کرنے کا اعلان کیا ہے جس کی بکنگ جاری ہے۔ فوٹو: فائل

لاس اینجلس: ایپل نے موسمِ گرما کی مناسبت سے ایک غیرمعمولی رنگت والے فون کا اعلان کیا ہے جو آئی فون 14 اور 14 پلس کے تحت فروخت کیا جائے گا۔ اب اس کی پری آرڈر یا بکنگ بھی کھول دی گئی ہے۔

ایپل مارچ کے مہینے میں اکثر نئے رنگ والے فون پیش کرتا ہے تاہم اب شوخ پیلے رنگ کا فون پیش کیا گیا ہے جس کی پشت اور اور اطراف کو زردی مائل سنہرا بنایا گیا ہے۔ ایپل نے اس مہم کو’ہیلو، یلو‘ کا نام دیا ہے۔ تاہم 14 مارچ سے ان کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔ امریکہ سمیت کئی ممالک میں لوگ اس فون کی پری آرڈر بکنگ کراسکتے ہیں۔

ایپل نے اس فون کے لیے صارفین کو بہت سی ترغیبات بھی دی ہیں جن سے وہ مستفید ہوسکتے ہیں۔ ان میں 800 ڈالر کا کریڈٹ اور ٹی موبائل اور ویراژن کمپنیاں 400 ڈالر کی رعایت بھی دے رہی ہیں۔ لیکن یہ ہمیشہ ہی سیل فون کمپنیوں کا ایک حربہ ہوتا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ صارفین کو اپنی جانب راغب کرنا چاہتی ہیں۔

ایپل نے باضابطہ طور پر پیلے فون کے لیے ایک میچنگ سلیکون کیس بھی بنایا ہے جس کی قیمت 49 ڈالر رکھی گئی ہے جسے آپ براہِ راست کمپنی کی ویب سائٹ سے بھی خرید سکتے ہیں۔ جن لوگوں نے اس کا رنگ دیکھا ہے اسے پکے ہوئے کیلے یا شوخ لیموں سے تعبیر کیا ہے۔

تاہم اندر سے اس کی ساری تفصیلات وہی ہیں۔ یعنی اے 15 بایونک پروسیسر نصب ہے۔ سامنے دو کیمرے لگے ہیں، اور 12میگاپکسل کیمرہ سامنے کی جانب ہیں اور فیس آئی ڈی ان لاکنگ کی سہولت موجود ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔