کرکٹ ورلڈکپ 2015 پر شاہی رنگ چھانے لگا

کرائسٹ چرچ میں برطانوی شہزادے اور اہلیہ نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں


AFP April 15, 2014
کیٹ میڈلٹن نے اپنے شوہر برطانوی شہزادے ولیم کی گیند پر شاٹ کھیل رہی ہیں۔

کرکٹ ورلڈکپ 2015 پر شاہی رنگ چھانے لگا،میزبان شہر کرائسٹ چرچ میں برطانوی شہزادے ولیمز اور شہزادی کیٹ نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں، دونوں نے اپنی کرکٹ صلاحیتوں کا بھی مظاہرہ کیا،شہزادی نے ریڈ اسکرٹ سوٹ اور ہیلز شوز کے ساتھ بیٹنگ کی۔

پرنس ولیمز نے سوٹ میں مقامی بولر کو چوکا جڑا۔ تفصیلات کے مطابق شہزادہ ولیمز اور ان کی اہلیہ کیٹ دورئہ نیوزی لینڈ کے دوران کرائسٹ چرچ بھی گئے، اس کا مقصد 2011 کے زلزلہ متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کرنا تھا، اس موقع پر دونوں نے ایک پارک میں کرکٹ بھی کھیلی، ڈچز اور ڈیوک آف کیمبرج نے شائقین کو خوب محظوظ کیا، اس موقع پر نیوزی لینڈ کے عظیم کرکٹر رچرڈ ہیڈلی بھی موجود تھے جنھوں نے بیٹنگ کی، سابق خاتون کرکٹر ڈیبی ہوکلے نے شہزادی کیٹ کو بیٹ پکڑنا سکھایا، انھوں نے پہلے پلاسٹک کے پیلے بیٹ کو بچوں کے انداز میں تھام لیا تھا۔

وہ سرخ اسکرٹ سوٹ میں ملبوس تھیں جبکہ سیاہ ہیلز والے جوتے پہن رکھے تھے، انھیں شہزادہ ولیمز نے پہلی ہی گیند باؤنسر کرائی جس سے وہ اپنا سر بال بال بچا سکیں، انھوں نے انگلی اٹھاکر اپنے خاوند کو خبردار کیا جبکہ قریب موجود امپائر نے بھی ایسی گیند نہ کرنے کو کہا،اگلی گیند قدرے بہتر لائن اینڈ لینتھ کی تھی۔ رچرڈ ہیڈلی نے کہا کہ ولیمز نے سوٹ میں ملبوس ہونے کے باوجود اچھی بولنگ کی جس سے میں کافی متاثر ہوا۔ شہزادے نے بعد میں بیٹنگ بھی کی اور نوجوان بولر کو پہلے پل کیا اور پھر چوکا بھی جڑا۔ بعد ازاں دونوں نے ورلڈ کپ 2015 کی ٹرافی کے ہمراہ تصاویر بنوائیں۔