لاہور نے آج بھی آلودہ ترین بڑے شہروں میں دنیا کو پیچھے چھوڑ دیا

لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہے


آصف محمود November 11, 2026

لاہور:

لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا، جہاں فضائی آلودگی کی سطح انتہائی خطرناک ہوگئی ہے۔ آئی کیو ایئر کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 453 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بھارتی دارالحکومت دہلی 224 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔

آئی کیو ایئر کے مطابق لاہور کے سی ای آر پی آفس میں اے کیو آئی 706، علامہ اقبال ٹاؤن میں 690 اور برکی روڈ پیراگون میں 639 تک پہنچ گیا۔ رائیونڈ میں 509 جبکہ کاہنہ نو میں 511 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا، شہر کی مجموعی ریڈنگ ایک اور مقام پر 459 بھی رپورٹ ہوئی۔

پنجاب ایئر کوالٹی مانیٹرنگ کے اعداد و شمار کے مطابق ملتان روڈ پر اے کیو آئی 500 کی انتہائی حد کے ساتھ پی ایم 2.5 کی مقدار 541.1 اور پی ایم 10 کی مقدار 1398.3 مائیکروگرام ریکارڈ کی گئی۔ سفاری پارک اور جی ٹی روڈ پر بھی اے کیو آئی 500 رہا، جبکہ کاہنہ نو میں 490، گلبرگ تھری میں 475 اور ایجرٹن روڈ پر 432 ریکارڈ کیا گیا۔

شاہدرہ اور ڈی ایچ اے فیز 6 میں اے کیو آئی 392، برکی روڈ پر 390، پنجاب یونیورسٹی میں 373 اور واہگہ بارڈر پر 256 ریکارڈ ہوا۔

دوسری جانب لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہے۔ ملتان میں اے کیو آئی 828، گوجرانوالہ میں 565 اور کاہنہ نو میں 511 ریکارڈ کیا گیا۔

انسداد اسموگ اقدامات کے باوجود لاہور کے متعدد علاقوں میں فضائی آلودگی خطرناک سطح پر برقرار ہے، جس سے شہریوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔