56 بلیڈ نگلنے والے شخص کو طویل آپریشن کے بعد بچالیا گیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 مارچ 2023
26 سالہ بھارتی شخص نے 56 بلیڈ نگل لئے جسے طویل آپریشن کے بعد معدے سےنکالا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

26 سالہ بھارتی شخص نے 56 بلیڈ نگل لئے جسے طویل آپریشن کے بعد معدے سےنکالا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

راجستھان: بھارتی شخص ​سے ایک، دو نہیں بلکہ 56 بلیڈ یا ان کے ٹکڑے نگل لئے جس کے بعد اسے ہسپتال لایا گیا اور پیچیدہ آپریشن کے بعد تمام بلیڈ نکال کر اس کی جان بچالی گئی ہے۔

راجستھان سے تعلق رکھنےوالے 26 سالہ شخص یشپال سنگھ  نےایک کے بعد 56 بلیڈز نگل لیں۔ تھوڑی دیر بعد اس کےمنہ سے خون آنے لگا اور پیٹ میں ناقابلِ برداشت تکلیف کے بعد اسے فوری طور پر ہسپتال لایا گیا۔

میڈی پلس ہسپتال میں پہنچانے کے بعد ڈاکٹروں نے الٹراساؤنڈ کیا جس کے بعد اینڈواسکوپی بھی کی گئی۔ اس سے تصدیق ہوگئی کہ اس کے معدے میں لاتعداد بلیڈ موجود ہیں۔ اس کےبعد ڈاکٹر نارسی رام دیواسی کی قیادت میں اس کا علاج شروع کیا گیا۔

ڈاکٹروں نے دیکھا کہ یشپال سنگھ کی گردن پر کٹ کے نشانات تھے اور اس کا بدن جگہ جگہ سے سوجا ہوا تھا۔ اس غیرمعمولی صورتحال میں سات ڈاکٹروں نے ملکر تین گھنٹے تک آپریشن کیا اور معدےمیں جگہ جگہ چپکی ہوئی بلیڈوں کو احتیاط سے نکالا گیا۔ ڈاکٹروں نے دیکھا کہ مریض کے معدے اور دیگر مقامات پر خراشوں سے اندرونی خونی بہاؤ بھی جاری تھا۔

یشپال سنگھ نے بلیڈوں کے تین پیکٹ نگلے تھے اور ان پر لگاہوا پلاسٹک گھل چکا تھا جس کے بعد بلیڈوں نے بدن کو تکلیف اور نقصان پہنچانا شروع کردیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق اب تک اس کی وجہ سامنے نہ آسکی لیکن شاید اس نے دماغی عارضے یا ڈپریشن سے ایسا کیا ہے۔ اب مریض کی حالت خطرے سےباہر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔