متحدہ اور مذہبی جماعتوں کے کارکن قتل کرنیوالے 3 ٹارگٹ کلر گرفتار

اے سی ایل سی پولیس نے حسنین، شاہجہاں اورعثمان کو گرفتار کرکے چھینی گئی موٹر سائیکلیں، اسلحہ اوردستی بم برآمد کرلیے


Staff Reporter April 16, 2014
ملزمان کی گرفتاری سے شہر میں جاری ٹارگٹ کلنگ میں کمی ہوگی، ٹارگٹ کلرزکی فہرست جلد تیارہوگی،ڈی آئی جی سی آئی۔ فوٹو: فائل

SARGODHA: اینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس نے کارروائیوں میں3 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے چوری اور چھینی گئی موٹر سائیکلوں کے چیسز، اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیے۔

گرفتار ٹارگٹ کلر متحدہ قومی موومنٹ اور مذہبی جماعت کے کارکنوں کے قتل، اقدام قتل ، اغوا برائے تاوان ، بھتہ خوری اور بینک ڈکیتیوں کی کئی وارداتوں میں ملوث ہیں ، ڈی آئی جی سی آئی اے سلطان خواجہ نے ایس پی اے سی ایل سی نعمان صدیقی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ اینٹی کارلفٹنگ سیل پولیس نے گارڈن اور نیوکراچی میں 2 کارروائیوں کے دوران 3 ٹارگٹ کلرز محمد حسنین ولد سعادت مسعود، شاہجہاں عرف ساجن ولد باب الدین اور عثمان عرف عشی ولد محمد یعقوب کو گرفتار کر کے چوری اور چھینی گئیں موٹر سائیکلوں کے چیسز، ایک نائن ایم ایم پستول اور 2 دستی بم برآمد کیے ہیں، گرفتار ملزم محمد حسنین کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔

ملزم نے علی حسن بٹ عرف ارشد کے ٹو کے حکم پر گارڈن میں ساتھیوں احمد عرف شٹو،عبدالقیوم اور علی حسن کے ہمراہ متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن محمد خالد کو قتل کیا، ملزم اور علی حسن عرف ارشد کے ٹو اور کامران کمو نے عثمان آباد سے متحدہ کے کارکن ضیا کو اغوا کرکے پرانا حاجی کیمپ لے جا کر قتل کردیا،گرفتار ملزم محمد حسنین موٹر سائیکلیں چھینے اور چرانے اور ڈکیتیوں کی کئی وارداتیں کر چکا ہے جبکہ بھتہ نہ ملنے پر فائرنگ کی وارداتوں میں بھی ملوث ہے، گرفتار ملزم شاہجاں عرف ساجن نے ساتھیوں رشید عرف راجہ ،رانا فیصل ، فرقان قادری اور رئیس ملا کے ساتھ مل کر متحدہ کے 4 کارکنوں اظہر ایوب ،ستار کالا، شفیق خان اور عمران قریشی کو فائرنگ کر کے قتل کیا ہے، گرفتار ملزم نے ساتھیوں عدنان عرف چیوڑا کے ساتھ ملکر متحدہ کے کارکن محمد عالم اور اشرف عرف مستانہ کو قتل کیا۔

ملزم نے نارتھ کراچی سیکٹر5-B1 میں مذہبی تنظیم کے سیکٹر انچارج فرقان قادری کو قتل کیا ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ نیو کراچی سیکٹر5/A-3 میں دکان پر بیٹھے متحدہ کے کارکن شاہد ٹینٹ والا اورکالعدم تنظیم کے 2 کارکنوں کو قتل کیاتھا،ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ مسلم کمرشل بینک کی وین اور بفرزون میں ہارون شاپنگ سینٹر کے قریب بینک الحبیب کی وین کو لوٹا تھا ملزم سی آئی ڈی پولیس کے ہاتھوں پہلے گرفتار ہو چکا تھا۔

گرفتار ملزم عثمان عرف عشی نے ساتھیوں سلیم پٹھان اور نعمان بلا کے ساتھ ناگن چورنگی پر ڈکیتی مزاحمت میں سی آئی ڈی پولیس کے سب انسپکٹر عالمگیر کو قتل کیا، ملزم نے یو پی موڑ کے قریب کرن میڈ یکل اسٹور میں ڈکیتی کے دوران عرفان کو قتل کردیا، ملزم ساتھیوں سلیم پٹھان ، نعمان بلا اور عرفان پیا کے ہمراہ یو پی موڑ پر جوتوں کی دکان میں ڈکیتی کے بعد سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ چھین کر لے گئے تھے، ڈی آئی جی سی آئی اے سلطان خواجہ نے کہا کہ مذکورہ ملزمان کی گرفتاری کے بعد شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور منظم جرائم کی وارداتوں میں نمایاں کمی واقع ہوگی،شہر میں ٹارگٹ کلنگ کرنے والے ملزمان کی فہرست جانچ کے مراحل میں ہے جو جلد تیار ہوجائے گی۔