افغانستان نے پاکستان کو ٹی 20 سیریز میں شکست دیکر نئی تاریخ رقم کردی

پاکستان کا ٹاپ آرڈر افغان بولرز کے آگے ریت کی دیوار ثابت ہوا


ویب ڈیسک March 27, 2023
فوٹو: افغانستان کرکٹ بورڈ

افغاستان نے دوسرے ٹی 20 میچ میں بھی پاکستان کو ہراکر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔

یہ افغانستان کی پاکستان کیخلاف کسی بھی انٹرنیشنل میچ میں دوسری کامیابی ہے اور پہلی سیریز ہے جو وہ پاکستان کیخلاف جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔

پاکستان کی جانب سے دیا گیا 131 رنز کا ہدف افغان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کرلیا، افغانستان کے رحمان اللہ گرباز 44، ابراہیم زادران 38 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ نجیب اللہ زادران 23 اور محمد نبی 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، پاکستان کی طرف سے زمان خان اور احسان اللہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں ہونیوالے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا لیکن پاکستان کا ٹاپ آرڈر افغان بولرز کے سامنے ایک بار پھر ریت کی دیوار ثابت ہوا۔ پاکستان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 130 رنز ہی بناسکی۔

پاکستان کی طرف سے اوپنر صائم ایوب اور محمد حارث بیٹنگ کیلئے آئے مگر پہلے اوور کی دوسری گیند پر صائم ایوب کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے، اگلی ہی گیند پر عبداللہ شفیق بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

مزید پڑھیں: پہلا ٹی20: افغانستان نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

تیسرے اوور میں 20 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد حارث بھی 15 رنز بناکر چلتے بنے، طیب طاہر 13 اور اعظم خان 1 رن بناکر پویلین لوٹ گئے، عماد وسیم اور کپتان شاداب خان نے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا، عماد وسیم 64 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ شاداب خان اننگز کی آخری گیند پر رن لینے کی کوشش میں 32 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔

افغانستان کی طرف سے فضل الحق فاروقی نے 2 جبکہ راشد خان، کریم جنت اور نوین الحق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: افغان ٹیم سے شکست پر کن سابق کرکٹرز نے شاداب کو تنقید کا نشانہ بنایا؟

قومی کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹی20 میچ کیلئے محمد نواز کی جگہ فہیم اشرف کو فائنل الیون میں شامل کیا تھا جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان شاداب خان، محمد حارث، عبداللہ شفیق، اعظم خان، فہیم اشرف، عماد وسیم، زمان خان، احسان اللہ، طیب طاہر، نسیم شاہ اور صائم ایوب شامل تھے۔

قبل ازیں پہلے ٹی20 میچ میں افغانستان نے پہلی بار پاکستان کو شکست دی تھی۔ یہ افغانستان کی پاکستان کے خلاف کسی بھی بین الاقوامی میچ میں پہلی فتح تھی۔

واضح رہے کہ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 27 مارچ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں