اس ہوٹل میں کمرہ لینا ممکن نہیں
قریبی موٹر وے سے گزنے والے مسافروں کو تاثر ملتا ہے کہ ہوٹل میں کئی درجن رہائشی کمرے ہوں گے
آسٹریلوی ریاست وکٹوریہ کے دارالحکومت میلبرن سے باہر نکلیں تو موٹر وے کے کنارے بیس میٹر اونچی ایک مستطیل عمارت نظر آتی ہے جس کی پیشانی پر بڑے انگریزی حروف تہجی میں HOTEL تحریر ہے۔
عمارت کا حجم دیکھ کر موٹر وے سےگزنے والے مسافروں کو یہ تاثر ملتا ہے کہ ہوٹل میں کئی درجن رہائشی کمرے ہوں گے، مگر آپ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ اس ہوٹل میں قیام کے لیے کمرہ حاصل کرنا ممکن نہیں!
اس ہوٹل کا پورا نام '' ہوٹل ایسٹ لنک ''ہے جس کی تعمیر 2007 میں مکمل ہوئی تھی۔ اسی وقت سے ہوٹل میں قیام کے خواہش مند مسافر عمارت کے قریب جاکر رکتے ہیں اور پھر کچھ ہی دیر کے بعد حیران و پریشان ہوکر دوبارہ اپنی گاڑیوں میں بیٹھ کر روانہ ہوجاتے ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ '' ہوٹل ایسٹ لنک'' دراصل ہوٹل نہیں بلکہ آرٹ کا نمونہ ہے جسے آرٹسٹ کیلم مورٹن نے ڈیزائن کیا ہے اورتعمیر کرایا ہے۔
موٹروے سے گاڑیوں میں گزرتے ہوئے مسافرعمارت اوراس پر لکھا نام دیکھ کراسے ہوٹل ہی سمجھ بیٹھتے ہیں۔ رات کے وقت عمارت کی کچھ کھڑکیوں میں روشنی بھی نظر آتی ہے جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ ان کمروں میں مسافر مقیم ہیں لیکن اس عمارت میں سرے سےکوئی کمرہ نہیں ہے، کیونکہ عمارت بس آرٹ کا ایک نمونہ ہے۔
مسافروں کو پہلی نظر میں یہ عمارت ہوٹل ہی معلوم ہوتی ہے، مگر تھوڑا سا غور کرنے پر وہ جان سکتے ہیں کہ اس عمارت کی ساخت بالخصوص گراؤنڈ فلور کی ساخت ہوٹلوں والی نہیں ہے۔ پھر یہ سوال بھی ان کے ذہنوں میں پیدا ہوتا ہوگا کہ یہ عمارت ویرانے میں کیوں کھڑی ہے جہاں آس پاس کوئی دوسری عمارت بھی نہیں ہے۔
عمارت کی حقیقت انہی مسافروں پر کھلتی ہے جو تجسس کے ہاتھوں مجبور ہوکر یا پھر واقعی قیام کی غرض سے اس ہوٹل کا رخ کرتے ہیں۔