لوڈ شیڈنگ میں اضافہ

ملک میں بجلی کا شارٹ فال بڑھنے کے باعث لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں 2 گھنٹے تک کا مزید اضافہ کردیا گیا


Editorial April 17, 2014
ملک میں بجلی کا شارٹ فال بڑھنے کے باعث لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں 2 گھنٹے تک کا مزید اضافہ کردیا گیا. فوٹو: فائل

ملک میں بجلی کی طلب میں اضافہ کے باعث شارٹ فال بڑھنے کے باعث لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں دو گھنٹے تک کا مزید اضافہ کر دیا گیا 'پنجاب کے تمام شہروں میں مختلف وقفوں کے ساتھ لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔کراچی اور سندھ میں بھی لوڈشیڈنگ جاری ہے تاہم صوبہ خیبر پختونخوا اس کی شدت زیادہ ہے۔ صوبہ خیبر پختون خوا کے بعض شہروںمیں گزشتہ روز احتجاج ہوا اور کاروباری پہیہ بھی جام رہا۔اخباری اطلاعات کے مطابقخیبر پختونخوا کے بعضبڑے شہروں میں چودہ گھٹنے اور دیہی علاقوں میں اٹھارہ سے انیس گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔ کئی مقامات پر واپڈا اہلکاروں پر تشدد بھی ہوا۔

دریں اثنا قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ نے نیپرا کے معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے کمیٹی اراکین نے کہا کہ نیپرا عوام کی مشکلات کم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ یہ درست ہے کہ اس وقت مملکت خدا داد پاکستان توانائی کے بحران سے دو چار ہے جس پر قابو پانے کی کوششوں کے حکومتی اداروں کی طرف سے دعوے بھی کیے جا رہے ہیں مگر ان حکومتی کوششوں کا مثبت نتیجہ ہنوز برآمد ہوتا نظر نہیں آ رہا۔

درحقیقت توانائی کے شعبے میں بد عنوانی اور کرپشن نے اس قدر گہرے پنجے گاڑ رکھے ہیں کہ اوپر اوپر سے کیے جانے والے اصلاحی اقدامات بے معنی ہو کر رہ جاتے ہیں۔ ادھر ملک کے بعض مقامات سے بجلی کے بل ادا نہ کرنے 'بجلی چوری کرنے کے واقعات بھی موجود ہیں۔ حکومت کو ان سارے معاملات پر غور کرنا چاہیے جو علاقے بجلی کے بل ادا نہیں کرتے انھیں بل ادا کرنے کا کلچر اپنانا چاہیے۔ اسی طرح حکومت کو چاہیے کہ وہ بجلی کی پیداوار بڑھانے کی کوشش جاری رکھیں کیونکہ اسی طرح ہی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ممکن ہے۔