جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس اعظم سواتی کی ضمانت میں توسیع

پی ٹی آئی لیڈرشپ نے ہمیشہ قانون کا احترام کیا، ایسے مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے جاتے ہیں، وکیل کے دلائل


ویب ڈیسک April 05, 2023
(فوٹو فائل)

جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کے کیس میں عدالت نے اعظم سواتی کی ضمانت میں توسیع کردی۔

18 مارچ کو عمران خان کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ سے متعلق تھانہ گولڑہ میں درج مقدمے پر سماعت انسدد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں ہوئی، جس میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی اپنے وکیل بابر اعوان کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے جاتے ہیں۔ عمران خان پیشی پر آئے اور سیکڑوں کی تعداد میں کارکنان کو نامزد کر دیا گیا۔ پی ٹی آئی لیڈر شپ نے ہمیشہ قانون اور عدالتوں کا احترام کیا اور عدالتوں میں پیش ہوتے رہے ۔ عدالت نے اعظم سواتی کی 17 اپریل تک عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

دریں اثنا انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے پولیس پر تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں حماد اظہر اور فواد چوہدری کی عبوری ضمانتیں 13 اپریل تک منظور کرلیں اور دونوں کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے تفتشی سے آئندہ سماعت پر ریکارڈ طلب کرلیا۔ عدالت نے گزشتہ روز دونوں ملزمان کی عدم پیروی کی بنیاد پر عبوری ضمانت خارج کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں