دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات عمران خان کو ایک مرتبہ پھر طلبی نوٹسزجاری

چیئرمین پی ٹی آئی11 اپریل کوتھانہ رمنا اور سی ٹی ڈی میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ7 کے مقدمات میں شامل تفتیش ہوں، نوٹسز


ویب ڈیسک April 10, 2023
(فوٹو فائل)

پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کوانسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 کے تحت درج 6 مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کے لیے وفاقی پولیس نے ایک مرتبہ پھرطلبی نوٹسز جاری کردیے۔

نوٹسز سی ٹی ڈی کے انسپکٹر محمداشرف کی جانب سے جاری کئے گئے۔ الگ الگ جاری طلبی نوٹسز میں کہاگیا کہ عمران خان 11 اپریل کوتھانہ رمنا اور سی ٹی ڈی میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7 کے مقدمات میں شامل تفتیش ہوں۔

نوٹسز میں بتائے گئے مقدمات کے مطابق عمران خان پولیس پرحملے کروانے ،سرکاری ونجی املاک کونقصان پہنچانے ،جلاؤ گھیراو اور سیکیورٹی اسٹاف پرحملے کروانے کےالزامات کے تحت درج مقدمات میں سی پی او دفتر اسلام آباد پولیس لائنز میں دن 2 بجے آکر شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کی گئی۔

علاوہ ازیں نوٹسز میں 12 اپریل کوتھانہ کھنہ میں درج اسی نوعیت اور دفعات کے مقدمہ میں دن 4 بجے شامل تفتیش کی ہدایت کی گئی۔

مجموعی طور پرعمران خان اورانکے دیگر ساتھیوں کیخلاف نسداد دہشت گردی کے مقدمات تھانہ رمنا، سی ٹی ڈی ، کھنہ ، سنگجانی اور بھارہ کہو میں درج ہیں۔

اس بارے میں وفاقی پولیس کے سینئیر آفیسر نے ایکسپریس کے رابطہ پر بتایاکہ عمران خان کواس سے قبل میں شامل تفتیش ہونے کے لئے طلبی نوٹسز جاری کئے گئے تھے لیکن وہ شامل تفتیش نہیں ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ اگروہ تین طلبی نوٹسز مکمل ہونے تک شامل تفتیش نہ ہوئے تو پھر انکے خلاف یکطرفہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں