کراچی کیمرہ فوٹیج نے ڈاکو سمجھ کر نوجوانوں پر فائرنگ کا پول کھول دیا
پولیس نے اصل ملزمان کو بچانے کے لیے سیکیورٹی گارڈ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا
نارتھ ناظم آباد بلاک این میں فائرنگ سے دو نوجوانوں کے زخمی ہونے کا معاملے پر پولیس نے اصل ملزمان کو بچانے کے لیے سیکیورٹی گارڈ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج نے پولیس کا بھانڈا پھوڑ دیا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فائرنگ کرنے والے سیکیورٹی گارڈ نہیں کیونکہ فائرنگ کے وقت سیکیورٹی گارڈ موقع پر موجود ہی نہیں تھے۔
نوجوانوں نے اسلحہ بردار افراد کو دیکھ کر بھاگنے کی کوشش کی جس پر شہری انہیں ڈاکو سمجھے اور فائرنگ کر دی۔
زخمی نوجوانوں کے اہل خانہ نے حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کر دی۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس فائرنگ کرنے والے اصل ملزمان کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ صبح ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں 20 سالہ مبشر اور 17 سالہ سلیم زخمی ہوئے تھے۔