سری لنکن کرکٹ بحرانوں میں گھر کر رہ گئی

کوچ پال فاربریس بھی آئی لینڈرز سے جان چھڑانے کے چکر میں ہیں، فون ریسیو نہیں کررہے


Sports Desk April 20, 2014
پلیئرز بورڈ سے معاہدے پر دستخط سے بدستور انکاری، چیف سلیکٹرز کا کھلاڑیوں کو پیغام۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

سری لنکن کرکٹ بحرانوں میں بری طرح گھر کر رہ گئی، کوچ پال فاربریس بھی آئی لینڈرز سے جان چھڑانے کے درپے ہیں، انھوں نے انگلینڈ کے اسسٹنٹ کوچ کی جاب کیلیے باقاعدہ انٹرویو بھی دے دیا، وہ ایس ایل سی کا فون تک نہیں اٹھارہے ہیں۔

دوسری جانب پلیئرز بدستور کنٹریکٹس پر دستخط سے انکاری ہیں، چیف سلیکٹر سنتھ جے سوریا نے بھی سب کو پیغام دے دیا ہے کہ جس کو آئی پی ایل کھیلنی ہے کھیلے اور جو ملک کی نمائندگی کرنا چاہتا ہے اپنی دستیابی ظاہر کرے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کرکٹ ایک طرف جہاں آن دی فیلڈ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشیا کپ کے بعد ورلڈ ٹوئنٹی 20 ٹائٹل بھی جیت چکا وہیں پر آف دی فیلڈ وہ بحرانوں میں بری طرح گھر چکا ہے۔نئے ہیڈ کوچ پال فاربریس کو ذمہ داری سنبھالے ابھی ڈھائی ماہ ہی ہوئے تھے کہ ان کا یہاں سے دل بھر گیا، بظاہر وہ چھٹیوں پر انگلینڈ گئے مگر وہاں پر انھوں نے انگلش کرکٹ ٹیم کے نائب کوچ کیلیے انٹرویو دیا جس بارے میں ای سی بی نے سری لنکا کو آگاہ کیا، جب ایس ایل سی کے آفیشلز نے ان سے رابطے کی کوشش کی تو انھوں نے فون تک موصول نہیں کیا۔

فاربریس نے بورڈ کے ساتھ 2 برس کا معاہدہ کیا تھا اگرچہ وہ ابھی 6 ماہ کی آزمائشی مدت پر ہیں تاہم بورڈ سیکریٹری نشانتھا رانا ٹنگا کا کہنا ہے کہ انھیں جاب چھوڑنے سے کم سے کم 6 ماہ قبل مطلع کرنا ضروری ہے۔ ادھر کھلاڑی بدستور کنٹریکٹ پر دستخط کرنے سے انکاری ہیں، بورڈ کے خازن نوسکی محمد کا کہنا ہے کہ میں خود کنٹریکٹ لے کر ڈھاکا گیا تھا مگر سب نے مختلف وجوہات پر دستخط کرنے سے انکار کردیا۔

ادھر چیف سلیکٹر سنتھ جے سوریا کا کہنا ہے کہ چونکہ کھلاڑیوں نے کنٹریکٹس پر دستخط نہیں کیے اس لیے وہ یہ فیصلہ کرنے میں آزاد ہیں کہ انھیں آئی پی ایل کھیلنی ہے یا پھر ملک کی نمائندگی کرنا ہے، انھوں نے کہا جو ملک کے لئے کھیلنا چاہتے ہیں وہ دستیابی ظاہر کریں تاکہ آئندہ ماہ کے آغاز میں شیڈول دورہ آئرلینڈ و انگلینڈ کے لیے ٹیم تشکیل دی جاسکے۔