قومی اسمبلی نے الیکشن فنڈز دینے کی تحریک پھر مسترد کردی

ویب ڈیسک  جمعرات 27 اپريل 2023
تین جج پی ٹی آئی کی سہولت کاری کررہے ہیں، ہمیں ان کا کوئی فیصلہ منظور نہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف

تین جج پی ٹی آئی کی سہولت کاری کررہے ہیں، ہمیں ان کا کوئی فیصلہ منظور نہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف

 اسلام آباد: پارلیمنٹ نے پنجاب اور خیبر پختون خوا میں الیکشنز کےلیے فنڈز دینے کی تحریک پھر مسترد کردی۔

اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ایک بار پھر الیکشن کے لیے 21 ارب روپے جاری کرنے کا حکم دیا ہے، کیا یہ ایوان وفاقی حکومت کو پنجاب اور کے پی الیکشنز کےلیے 21 ارب کے فنڈز جاری کرنے کیلئے ایوان میں بل پیش کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

پارلیمنٹ نے کثرت رائے سے تحریک مسترد کردی۔

بعدازاں وزیر دفاع خواجہ آصف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تین جج پی ٹی آئی کی سہولت کاری کررہے ہیں، ہمیں ان کا کوئی فیصلہ منظور نہیں، مذاکرات سپریم کورٹ کا کام نہیں، کسی کے تحفظ اور اس کے مقصد کے لیے کیے گئے فیصلے قابل قبول نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی تین دو کے فیصلے پر وزیراعظم نے اپنی کرسی نہیں چھوڑنی، ہمیں تین دو کے فیصلے قبول نہیں، تین دو کے سوا باقی سپریم کورٹ کے فیصلے ہمیں قبول ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔