یکم مئی کی ریلی پر پابندی کا الیکشن کمیشن کا نوٹس حیران کن ہے فواد چوہدری

الیکشن کمیشن اپنے ہر عمل سے ثابت کر رہا ہے کہ وہ جانبدار ہے، مرکزی سینئر نائب صدر پی ٹی آئی


ویب ڈیسک April 30, 2023
فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تحریک انصاف کو نوٹس پر پی ٹی آئی کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری کا ردعمل سامنے آگیا۔

فواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو نوٹس دیا ہے کہ آپ یکم مئی کو لبرٹی پر ریلی نہیں نکال سکتے جو حیرت انگیز بات ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پوری دنیا میں یکم مئی کی چھٹی کا واحد مقصد شکاگو کے مزدوروں کے ساتھ اپنے ملک کے مزدوروں کی حالت زار اور حقوق کے ساتھ کھڑے ہونا ہے، اس مقصد کیلئے سیاسی و سماجی جماعتیں مخلتف تقریبات کا انعقاد کرتی ہیں، سارا معاشرہ اپنے مزدوروں کے ساتھ کھڑا نظر آتا ہے، یہ حیران کن بات ہے کہ آپ یکم مئی کو ریلی نہیں نکال سکتے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن سوائے الیکشن کی ذمہ داری پوری کرنے کے ہر کام کرنا چاہ رہا ہے، الیکشن کمیشن اپنے ہر عمل سے ثابت کر رہا ہے کہ وہ جانبدار ہے، ریلیوں پر پابندی لگا رہا ہے، سیاسی قیادت کو نوٹس بھیج رہا ہے، پاکستان میں کوئی جمہوریت نہیں رہی، ہم اپنے ملک کو کہاں لے کر جانا چاہتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے مرکزی سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ ہم چیف الیکشن کمیشنر کو لکھ رہے ہیں کہ یہ نوٹس غیر قانونی ہے، اس نوٹس کو فوری طور پر واپس لیا جائے، کل لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں منعقدہونے والی ریلیوں کو معمول کے مطابق ہونے دیا جائے، اگر آپ پاکستان میں مزدوروں کے حقوق کیلئے باہر نہیں نکل سکتے تو پھر کب اور کیسے اپنی سیاسی سرگرمیاں کر سکتے ہیں۔

مقبول خبریں