ٹی20 رینکنگ؛ کیویز نے پاکستان کو چوتھے نمبر پر دھکیل دیا

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 3 مئ 2023
سالانہ عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارتی ٹیم نے آسٹریلیا کی حکمرانی ختم کر دی (فوٹو: پی سی بی)

سالانہ عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارتی ٹیم نے آسٹریلیا کی حکمرانی ختم کر دی (فوٹو: پی سی بی)

لاہور: سالانہ عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت نے آسٹریلیا کی 15ماہ سے جاری حکمرانی کا خاتمہ کردیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ سالانہ ٹیسٹ رینکنگ میں بھارتی ٹیم نے آسٹریلیاکی جگہ پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا، یوں 15 ماہ سے برقرار آسٹریلوی حکمرانی کا خاتمہ ہوگیا۔

بھارت کے پوائنٹس 119سے بڑھ کر 121ہوگئے جبکہ آسٹریلیا 6پوائنٹس کی کمی سے 116تک آگیا، انگلینڈ (106) تیسرے، جنوبی افریقہ(104) چوتھے، نیوزی لینڈ(103) پانچویں ، پاکستان (88) چھٹے، سری لنکا(85) ساتویں، ویسٹ انڈیز (76) آٹھویں، بنگلہ دیش (47) نویں اور زمبابوے (27) دسویں نمبر پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان

یاد رہے کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل بھی بھارت اور آسٹریلیا کے مابین 7 جون سے کھیلا جائے گا۔ دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی کی سالانہ رینکنگ میں بھارتی ٹیم 267 پوائنٹس کیساتھ پہلے نمبر پر برقرار ہے،بلو شرٹس 2020 کے بعد صرف ایک سیریز ہی ہارے ہیں، انگلینڈ (259) بدستور دوسری پوزیشن پر ہے۔

پاکستان میں سیریز 2-2سے برابر کرنے کے بعد 2 درجے ترقی پاکر نیوزی لینڈ (256) تیسرے نمبر پر آگیا، گرین شرٹس( 254) کو چوتھی پوزیشن پر جانا پڑا، جنوبی افریقہ(253) ایک درجہ تنزلی کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر آگیا، آسٹریلیا (248) چھٹے، ویسٹ انڈیز (238) ساتویں، سری لنکا (237) آٹھویں، بنگلہ دیش(222) نویں اور افغانستان (219) دسویں نمبر پر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔