ریڈیو پاکستان پشاور اور جناح ہاؤس لاہور کو عوام کیلئے کھول دیا گیا
عوام کو عمارتوں کا دورہ کرواکر شر پسندوں کی طرف سے جلاؤ گھیراؤ کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا
سول سوسائٹی کی درخواست پر جناح ہاؤس لاہور اور ریڈیو پاکستان پشاور کی جلائی گئی عمارتوں کو عوام کیلئے کھول دیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق 9 مئی 2023 کو شرپسندوں کے ہاتھوں نذر آتش ریڈیو پاکستان پشاور عمارت کو یونیورسٹیز اور اسکولوں کے اساتذہ اور طلباء کے لئے پیر سے جمعہ تک صبح دس بجے سے لیکر چار بجے تک کھولا جائے گا جبکہ عوام اور سول سوسائٹی شام 4 بجے سے لیکر 6 بجے تک ریڈیو پاکستان پشاور آ سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ریڈیو پاکستان پشاور کو آگ لگانے کے المناک واقعے نے پرندوں کی چہچہاہٹ چھین لی
عوام کو ریڈیو پاکستان پشاور کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا جائے گا اور انکو شر پسندوں کی طرف سے جلاؤ گھیراؤ کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ دہشتگردی سے لیکر امن کے طویل سفر تک ریڈیو پاکستان کی تاریخ سنہری الفاظ سے بھری ہے، ریڈیو پاکستان پشاور نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا، سیاسی مظاہروں میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا قطعی طور پر درست نہیں ہو سکتا۔
دوسری جانب لاہور کینٹ میں غنڈہ گردی اور تخریب کاری کے نتیجے میں جلائے گئے جناح ہاؤس اور ملٹری انجینئرنگ سروسز کے دفتر کو عوام اور سول سوسائٹی کی خواہش پر یکجہتی کے اظہار کا موقع دینے کے لیے کھولا گیا ہے۔
یہ مقامات ہر روز دن 11 بجے سے ایک بجے اور 3 بجے سے شام 6 بجے تک عوام الناس کے لیے کھلی رہیں گی، میڈیا بھی اس دوران ان جگہوں کی کوریج کے لیے آ سکتا ہے۔