بالنگ اسپیڈ میں کمی کے خدشات پر شاہین نے جواب دیدیا

ویب ڈیسک  جمعـء 26 مئ 2023
فاسٹ بولر ٹی20 ورلڈکپ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے (فوٹو: ایکسپریس ویب)

فاسٹ بولر ٹی20 ورلڈکپ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے (فوٹو: ایکسپریس ویب)

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے انجری کے بعد باؤلنگ رفتار میں کمی کے بارے میں خدشات کا جواب دیدیا۔

آسٹریلیا میں شیڈول ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں انجری کا شکار ہونے والے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ وکٹیں لینا رفتار سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے، میری کوشش ہے کہ صلاحیتوں میں اضافہ کرکے بالنگ رفتار کو بحال کروں۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ انجری کے بعد انکی بالنگ اسپیڈ میں کمی ہوئی ہے تاہم ری ہیب کرکے ٹیم میں واپس آیا ہوں۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور انٹرنیشنل کرکٹ کھیل کر اعتماد بحال کیا ہے، وقت کے ساتھ ساتھ جتنا کھیلوں گا اتنا ہی بہتری لاؤں گا۔

مزید پڑھیں: رمیز راجا کا شاہین اور حارث کی بالنگ اسپیڈ میں کمی پر تشویش کا اظہار

قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجا نے نیوزی لینڈ کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ون ڈے سیریز کے دوران شاہینوں کی باؤلنگ کی رفتار میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

مزید پڑھیں: عامر نے روٹیشن پالیسی کو سراہتے ہوئے شاہین پر تنقید کردی

رمیز راجا کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کو بھی اپنی گیندبازی میں تھوڑی ویرییشن لانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ان پچز پر مزید موثر کردار ادا کریں۔ مان لیں کہ 10 اوور کا اسپیل ہے، پھر میں سمجھ سکتا ہوں کہ 2، 3 اوورز میں زیادہ رفتار نہیں لگارہے لیکن انہیں تھوڑی اسپیڈ بڑھانی ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔