میڈیکل رپورٹ کے مطابق عمران خان شراب اور کوکین کا استعمال کرتے ہیں،وفاقی وزیرصحت

ویب ڈیسک  جمعـء 26 مئ 2023
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

  کراچی: وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل نے انکشاف کیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق ان کا دماغی توازن درست نہیں ہے اور وہ شراب اورکوکین کا استعمال کرتے ہیں۔ 

وفاقی وزیرصحت نے پریس  کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان پر حملے کےبعد اسپتال پہنچنے پران کا میڈیکل کیا گیا تھا، میڈیکل رپورٹ پبلک پراپرٹی ہوتی ہے جسے میں عوام کے سامنے پیش کررہا ہوں۔

انہوں نے  انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق عمران خان شراب اور کوکین کا استعمال کرتے ہیں اور ان کا دماغی توازن بھی درست نہیں ہے۔

وفاقی وزیرصحت نے کہا کہ حملے کے بعد عمران خان کی ٹانگ پر گولیوں  کے ٹکڑے  لگے تو فریکچر کا کہہ کر پلستر کروالیا مگر ان کی میڈیکل رپورٹس میں  ٹانگ میں فریکچر ہونے کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ دنیا کا  کون سا پلستر  ہے جو چھ چھ مہینے تک  ٹانگ پر چڑھا رہتا ہے۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ جن ڈاکٹروں نے عمران خان کو پانچ چھ مہینے تک پلاسٹر پہنے رہنے کی تجویز دی  انہیں بھی بلایا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیرصحت نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے عمران خان کو پاگل قرار دے دیا تو ہم عدالتی فیصلے کو تسلیم کرلیں گے۔

9  مئی کے واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نو مئی کو کیا ہوا سب کو پتا ہے، عمران خان نے ریڈ لائن کراس کردی، ہم نے بھی کوڑے کھائے، جیلیں بھی دیکھیں لیکن فوج  کے ساتھ کھڑے رہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔