مغربی ہواؤں کے سلسلے کے تحت سندھ میں موسلادھار بارش کا امکان

ویب ڈیسک  اتوار 28 مئ 2023
(فائل فوٹو)

(فائل فوٹو)

  کراچی: مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان میں داخل ہوگیا، آج سے مغربی سسٹم وسطی بالائی سندھ تک پھیلنے کا امکان ہے۔

موسمی نظام کے زیراثر آج سے 31 مئی کے دوران جامشورو، سانگھڑ، خیرپور، سکھر، کشمور، جیکب آباد، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، شہید بے نظیر آباد، نوشہرو فیروز میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

اسکے علاوہ مٹیاری، حیدرآباد، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہیار، میرپورخاص،عمرکوٹ اور تھرپارکر میں بھی آندھی کے ساتھ گرج چمک اور موسلادھار بارشیں ہوسکتی ہیں۔

اس سسٹم کے تحت دیہی سندھ کے اضلاع میں ژالہ باری ہونے کی بھی توقع ہے۔ تیز ہوائیں چلنے کے سبب بالائی سندھ میں کمزور املاک اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ تیز ہواوں کے پیش نظر عوام کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

دوسری جانب، کراچی میں اگلے 3 روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صبح سے دوپہر کے درمیان بلوچستان کی مغربی جبکہ شام میں سمندری ہوائیں چل سکتی ہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب انتہائی اضافے کے ساتھ 75 سے 85 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔