نو مئی واقعات میں گرفتار بے گناہ کارکنوں کو جیلوں سے نکلوانا ہماری ذمہ داری ہے، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  بدھ 31 مئ 2023
فوٹو اسکرین گریپ

فوٹو اسکرین گریپ

 راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سیاستدان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیں گے، نو مئی کو گرفتار کارکنوں کو جیلوں سے نکالنا ہماری ذمہ داری ہے۔

راولپنڈی میں عمران اسماعیل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کے پچیس کروڑ عوام کو نواز شریف، زرداری اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے سہارے پر نہیں چھوڑ سکتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ان حالات میں اس حکومت کی اپوزیشن کو خالی نہیں چھوڑ سکتے اور ان کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دے سکتے، آج بھی اپنے نظریے کے ساتھ کھڑے اور ملکی بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورت حال اور مسائل کے حوالے سے پی ٹی آئی کی سابق قیادت سے گفتگو اور مذاکرات ہوئے، اسد عمر سے رابطہ ہوا، اسد قیصر اور پرویز خٹک سمیت سب سے رابطہ ہوا، تمام قیادت ملک کو مسائل سے نکالنے اور مستحکم پاکستان کی خواہش مند ہے اور امید ہے کہ ہم اس میں کامیاب ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں سیاسی استحکام کے لیے اپنی سیاسی کوششیں جاری رکھیں گے، موجودہ سیاسی اور معاشی بحران کی واحد ذمہ دار صرف پی ڈی ایم ہے، اب پاکستان کو مستقل مستحکم حل کی طرف جانا ہوگا جس کے لیے شاہ محمود قریشی بھی کردار ادا کرنے کیلیے تیار ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نو مئی کو جو ہوا نہیں ہونا چاہیے تھا مگر اُس کے بعد متعدد بے گناہوں کو پکڑ کر جیلوں میں ڈالا گیا ہے، بے گناہ کارکنوں کو جیلوں سے باہر نکالنا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اپنی ذمہ داری ادا کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اپنے سابق ساتھیوں سمیت تمام لوگوں کے ساتھ اچھی گفتگو ہوئی ہے، امید ہے کہ کوئی اچھا حل نکلے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔