کوٹ ادو میں گھر کے اندر دھماکے سے پانچ افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعرات 1 جون 2023
تین افراد زخمی، دھماکا گھر کے اندر قائم کی گئی کباڑ کی دکان میں ہوا، دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے، پولیس (فوٹو : فائل)

تین افراد زخمی، دھماکا گھر کے اندر قائم کی گئی کباڑ کی دکان میں ہوا، دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے، پولیس (فوٹو : فائل)

کوٹ ادو: کوٹ ادو میں گھر کے اندر دھماکے سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوٹ ادو کے علاقے دائرہ دین پناہ میں دھماکا ہوا جس پر پولیس اور امدادی ادارے فوراً جائے حادثہ پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیاں سرانجام دیں۔ پولیس اور امدادی ادارے نے پانچ لاشوں اور زخمیوں کو جائے حادثہ سے اسپتال منتقل کیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق دھماکا گھر میں بنائی ہوئی کباڑ کی دکان میں ہوا، دھماکے سے پانچ افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوئے، دھماکے کی نوعیت کے لیے سیکیورٹی ایجنسیز موقع پر موجود ہیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت محمد اقبال، محمد بلال، حسینہ مائی، شانو مائی اور سعدیہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس افسران سے رپورٹ طلب کرلیا۔ آئی جی نے کہا کہ واقعہ کے اصل حقائق سامنے لاتے ہوئے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔